چٹا گانگ ٹیسٹ کا تیسرا روز، پاکستان کی بیٹنگ جاری

چٹا گانگ ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان کی بنگلا دیش کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔
تیسرے دن پاکستان نے بغیر کسی نقصان 145رنز پر اننگز کا آغاز کیا، ڈیبیو میچ کھیلنے والے عبداللہ شفیق 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اظہر علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے، ابتدائی دو وکٹوں کے بعد عابد علی نے شاندار سنچری بنائی، بنگلا دیش کے خلاف اوپنر نے کیریئر کی چوتھی سنچری اسکور کی، بابر اعظم 10 رنز بنا کر مہدی حسن کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
کپتان کے بعد پویلین لوٹنے والوں کی لائن لگ گئی، فواد عالم 8 ، محمد رضوان 5، حسن علی 12 ، ساجد خان 5 اور نعمان علی صرف 9 رنز بنا سکے۔ فہیم اشرف نے بنگالی باولرز کے سامنے تھوڑی مزاحمت دکھائی، وہ شاہین آفریدی کی شراکت داری میں 280 کے مجموعے کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ بنگالی باولرز تاج الاسلام نے 6 جبکہ عبادت حیسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
گذشتہ روز بنگلا دیش کے 330 رنز کے جواب میں پاکستان نے کھیل کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 145 رنز بنائے تھے۔ اس سے قبل بنگلادیش نے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو لٹن داس 113 اور مشفیق الرحیم 82 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔ تاہم کھیل کے دوسرے ہی اوور میں حسن علی نے سنچری اسکور کرنے والے لٹن داس کو ایک رن کے اضافے کے بعد 114 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ لٹن داس اور مشفیق الرحیم کے درمیان 206 رنز کی شراکت ہوئی۔
اگلے آنے والے بیٹر یاسر علی کو بھی حسن علی نے 4 رنز پر بولڈ کر دیا جبکہ مشفیق الرحیم 91 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ شادمان اسلام، سیف حسن اور نجم الحسین 14، 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ مہدی حسن 38 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ایک وکٹ ساجد خان کے حصے میں آئی۔

Back to top button