چھوٹے بیٹے کی شادی میں ماضی والی غلطیاں نہیں دہراؤں گی

نامور پاکستانی اداکارہ صبا فیصل نے کہا ہے کہ بڑے بیٹے کی شادی پر جو غلطیاں کیں چھوٹے بیٹے کی شادی پر وہ غلطیاں نہیں دہراؤں گی۔

حال ہی میں صبا فیصل نے نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات سمیت اپنے چھوٹے بیٹے کی شادی کے حوالے سے بھی بات کی۔میزبان کی جانب سے پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے اپنے سب سے چھوٹے بیٹے ارسلان فیصل کی شادی کی تیاریاں کر لی ہیں؟ اور اگر کر لی ہیں تو کتنی تیاریاں کی ہیں ؟جس پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس دفعہ میں ماضی میں کی گئی غلطی نہیں دہراؤں گی، جیسے بڑے بیٹے سلمان کی شادی کی تقریب 11 دن چلی تھی اس مرتبہ صرف میلاد، بارات اور ولیمہ ہوگا، پہلے بیٹے کی شادی کی طرح فضول خرچی سے پرہیز کیا جائے گا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کے بیٹے ارسلان نے ان کو یہ آئیڈیا دیا ہے کہ وہ پیسے کو فضول خرچ کرنے کے بجائے بچت کریں گے، اداکارہ کے مطابق ان کے سب سے چھوٹے صاحبزادے بہت عقلمند ہیں۔

صبا فیصل کا مزید کہنا تھا کہ میں نے بیٹے ارسلان کی شادی کے زیادہ تر کپڑے آن لائن آرڈر کئے ہیں، شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صبا فیصل نے کہا کہ ’میں نے ڈیزائنرز کو دیکھتے ہوئے اپنی بہو کی شادی کے لباس کے آرڈر دیے ہیں، ایچ ایس وائی ولیمے کے لیے دولہا اور دلہن دونوں کے ملبوسات بنا رہا ہے۔ میں اپنی بہو کی بارات کا ڈریس بھی بنانا چاہتی تھی لیکن اس نے مجھے منع کر دیا، اب وہ خود بارات کے ملبوسات تیار کر رہی ہے۔ اس بار میں پچھلی بار کی طرح زیادہ تقریبات نہیں کروں گی کیونکہ بارات لاہور سے کراچی پہنچے گی‘۔

خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل اداکارہ صبا فیصل کے اپنی بہو اور بڑے بیٹے سلمان فیصل سے اختلافات سامنے آئے تھے اور صبا فیصل اور سلمان فیصل کے درمیان دسمبر 2022 میں اس وقت اختلافات شدت اختیار کر گئے تھے جب اداکارہ نے ان کی اہلیہ کے خلاف باتیں شیئر کی تھیں اور بیٹے سے لاتعلقی کا اعلان کیا تھا۔صبا فیصل نے سلمان فیصل اور ان کی اہلیہ پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے ان سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا، تاہم بعد ازاں انہوں نے تمام الزامات پر معافی مانگتے ہوئے بیٹے کو معاف کردیا تھا۔

واضح رہے کہ  صبا فیصل ایک انتہائی باصلاحیت اور تجربہ کار پاکستانی ٹیلی ویژن اداکارہ ہیں۔ انہوں نے پی ٹی وی نیوز کاسٹر اور اناؤنسر کی حیثیت سے شہرت حاصل کی۔کچھ ہی عرصے بعد صبا فیصل نے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا اوراداکاری میں اپنا نمایاں نام بنایا۔صبا فیصل کی اداکاری کی صلاحیتوں کو مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جاتا ہے اور انہیں بہترین اداکاراؤں میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔

Back to top button