چیف جسٹس نے جوڈیشل کمیشن اجلاس کی آڈیو پبلک کر دی

سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے عدالت عظمیٰ میں ججز کی تقرری سے متعلق گزشتہ روز ہونے والے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کی آڈیو ریکارڈنگ پبلک کر دی۔
سپریم کورٹ اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس کی ہدایت پر جوڈیشل کمیشن کی آڈیو ریکارڈنگ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی، جوڈیشل کمیشن کے رولز میں نرمی کرتے ہوئے اجلاس کی آڈیو ریکارڈنگ جاری کرنے کی ہدایت دی گئی۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر معاملے کو متنازع بنا دیا گیا، جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کو دو معزز جج صاحبان نے متنازع بنا دیا، چیف جسٹس کی جوڈیشل کمیشن کی آڈیو ریکارڈنگ سپریم کورٹ کے آفیشل ویب سائیٹ پر جاری کرنے کی ہدایت کی گئی۔
سپریم کورٹ کے اعلامیہ میں ریکارڈنگ کا وہ وقت بتایا گیا جس میں اٹارنی جنرل نے ججز کے نام موخر کرنے کا ذکر کیا، آڈیو ریکارڈنگ کا دورانیہ 2 گھنٹے 25 منٹ 29 سیکنڈز ہے۔
یاد رہے کہ ججوں کی تعیناتی متعلق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خط کی بازگشت ابھی جاری تھی کہ اس کی توثیق کرتے ہوئے ایک اور معزز جج جسٹس سردار طارق مسعود نے بھی خط لکھتے ہوئے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے طرز عمل کو غیر جمہوری قرار دیدیا ہے۔
