چین میں کورونا سے متاثرہ 500 افراد جان کی بازی ہار گئے

چینی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے مزید 65 افراد انتقال کرگئے جس بعد مہلک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 500 ہوگئی۔
چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 800 سے زائد متاثرین سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 24 ہزار 324 تک پہنچ گئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے بین الاقوامی کمیونٹی سے بڑے پیمانے پر اظہار ہمدردی کی اور خطرناک کورونا وائرس کے حوالے سے ڈیٹا شیئر نہ کرنے والی حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ ان کا کہنا ہے تھا چین کے علاوہ جن ممالک میں کورونا وائرس پایا گیا وہاں سے صرف 38 ڈیٹا موصول ہوا۔
دوسری جانب ویتنامی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث ان کی ایوی ایشن، سیاحت اور زراعت کی صنعتوں کو بڑے پیمانے پر نقصان کا خدشہ ہے۔
حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر چین کی معیشت سست روی کا شکار ہوئی تو اس کا براہ راست اثر ویتنام کی معیشت پر پڑے گا کیوں کہ چین ویتنام کا ایک بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔
جاپان نے کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کےلیے فوج کے زیر استعمال سمندری جہاز ’ہاکو‘ کو اسپتال کا درجہ دے دیا ہے۔ ہاکو جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے قریب یوکو سوکا بیس پر لنگر انداز ہے جس میں 300 افراد آرام سے رہ سکتے ہیں جب کہ جہاز کی زیادہ سے زیادہ گنجائش 500 افراد کی ہے۔
