کشمیر امیدوں اور مایوسیوں کے درمیان جھول رہا ہے

مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والی بالی وڈ اداکارہ نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم پر دنیا سے سوال کیا کہ کشمیری جس درد اور ظلم سے گزر رہے ہیں اسے آپ نے کیسے تسلیم کر لیا؟۔
زائرہ وسیم نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال بیان کرتے ہوئے غم و غصے کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر مسلسل تکالیف سے گزر رہا ہے، وادی امیدوں اور مایوسیوں کے درمیان جھول رہی ہے جہاں دکھ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ہم کشمیری ایک ایسی دنیا میں تکالیف جھیل رہے ہیں جہاں ہماری آزادی پر قدغن لگانا بے حد آسان ہے، آخر ہم کشمیریوں کو ایسی دنیا میں کیوں رہنا پڑ رہا ہے جہاں ہماری زندگی اور خواہشات کو کنٹرول کیا جا رہا ہے۔
زائرہ وسیم نے لکھا کہ ہمیں مسلسل احکامات دیئے جاتے ہیں اور جھکنے پر مجبور کیا جاتا ہے، کیوں ہم کشمیریوں کی ذاتی آزادی پر پابندیاں لگانا اتنا آسان ہے؟ بوجھل دل کے ساتھ زائرہ وسیم نے لکھا کہ کشمیریوں کی زندگی صرف بحران، پابندیوں، رکاوٹوں تک ہی کیوں سمٹ گئی ہم کشمیریوں کے دل و دماغ سے چین کیوں چھین لیا گیا ہے؟، ہمارے نظریے کے پیچھے جو وجہ ہے اسے جاننے کے بجائے ہمارے نظریے کو ہی بری طرح مسترد کر دیا جاتا ہے اور اس پر تنقید بھی کی جاتی ہے، ہماری آواز کو اس قدر دبا دینا اتنا آسان کیوں ہے؟
علاوہ ازیں اداکارہ نے لکھا کہ دنیا سے پوچھتی ہوں کہ کشمیری جس درد اور ظلم سے گزر رہے ہیں اسے آپ نے آخر کیسے تسلیم کر لیا؟
واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت اور بھارتی مظالم کے خاتمے کےلیے آواز اٹھانا ہے۔
