چین کبھی تائیوان پر طاقت کے استعمال کے حق سے دستبردار نہیں ہوگا

چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین کبھی تائیوان پر طاقت کے استعمال کے حق سے دستبردارنہیں ہوگا تاہم پہلی ترجیح پُرامن حل کی کوششیں ہیں۔
عالمی میڈٰیا رپورٹس کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے ہال آف دی پیپلز میں 20 ویں چینی کمیونسٹ پارٹی کی کانگریس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ تائیوان کو اپنا حصہ سمجھتے ہیں اور یہ چینی عوام پر منحصر ہے کہ کب اپنا حق واپس لیتے ہیں۔
چینی صدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آبنائے تائیوان میں اقتصادی اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دیں گے۔ ہماری تمام تر حمایت تائیوان کی عوام کے ساتھ ہے جن کی ہمیشہ بھلائی، بہبود اور فائدہ کا سوچا ہے۔
صدر شی نے کہاہم نہایت خلوص اور تمام تر کوششوں کے ساتھ پُر امن طریقے سے دوبارہ اتحاد کے امکانات کے لیے کوشش کرنے پر زور دیتے ہیں، لیکن ضرورت پڑنے پر طاقت کے استعمال سے بھی گریز نہیں کریں گے۔
دوسری جانب چینی صدر شی جن پنگ کے اس بیان کی تائیوان کے وزارت خارجہ نے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنی خود مختاری سے پیچھے نہیں ہٹیں گے نہ ہی آزادی اور جمہوریت پر سمجھوتہ کریں گے۔
واضح رہے کہ بیجنگ اور تائیوان کے درمیان کشیدگی میں اگست میں اضافہ ہوا جب چین نے تائیوان کے قریب جنگی مشقیں کیں اور جس کے فوری بعد امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے تائیوان کا دورہ کیا تھا۔
