کراچی :لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج، جھڑپیں، خاتون جاں بحق

شہر قائد میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ پرشہریوں کے احتجاج کے دوران پولیس کی شیلنگ سے خاتون جاں بحق ہوگئی جبکہ مظاہرین کے پتھرائو سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا،تاہم کے الیکٹرک اور مظاہرین میں مذاکرات کامیاب ہوگئے۔
کراچی کے عوام طویل یراعلانیہ لوڈشیڈ نگ پرصبر جواب دے گیا اورلوگ سڑکوں پر نکل آگئے،ماڑی پور روڈ پر پولیس نےمظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی ، جواب میں مظاہرین نے پولیس پر پتھرائو کیا، جس کے سبب ماڑی پور روڈ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔

بدترین لوڈشیڈ نگ کے باعث لیاقت آباد، جہانگیر آباد ، ناظم آباد ، پی آئی بی کالونی ، اورنگی ٹاؤن ، کورنگی اللہ والا ٹاؤن، کورنگی الیاس گوٹھ، لانڈھی فیوچر موڑ سمیت دیگر علاقوں کے مشتعل رہائشیوں نے سڑکیں بلاک کیں، پتھراؤ کیا اور کے الیکٹرک ، حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی، کراچی میں گذشتہ روز بھی 14 مختلف مقامات پر لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرے کئے گئے تھے۔
ماڑی پور روڈ پرمظاہرین نے انتظامیہ سے مذاکرات ناکام ہونے پرپولیس پر پتھراؤ کیا اور بجلی کی فراہمی تک احتجاج ختم کرنےسے انکار کردیا، پتھراؤ کے بعد پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی،مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے ہوائی فائرنگ بھی کی،مظاہرین کے پتھراؤ سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا جب کہ پولیس نے 4 افراد کو گرفتارکرلیا۔احتجاج کے باعث ملحقہ علاقوں کیماڑی، نیٹی جیٹی پل، ایم ٹی خان روڈ، آئی سی آئی برج پر ٹریفک جام ہوگیا۔

علاقہ مکینوں کا کہنا تھاہر ایک گھنٹے بعد دو گھنٹے کے لیے بجلی بند کر دی جاتی ہے، متعدد علاقوں میں 4 سے 6 گھنٹے مسلسل بجلی کی فراہمی معطل رہتی ہے جبکہ بلدیہ اتحاد ٹاؤن، قائم خانی کالونی ، گلشن غازی اور اطراف کے علاقے ، لائنز ایریا اے بی سینیا لائن اور گلشن ظہور ، نارتھ ناظم آباد نصرت بھٹو کالونی ، کورنگی الیاس گوٹھ ، گلشن عریشہ ، جوہر کمپلیکس ، رضوان سوسائٹی ، ملیر ، اسکیم 33 گارڈن ، برنس روڈ اور سٹی ریلوے کالونی میں رات 11 بجے سے ایک بجے تک اور صبح 4 بجے سے 7 بجے تک اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے جبکہ غیر اعلانیہ بجلی کی بندش کا کوئی ٹائم ہی نہیں ہے۔
کر اچی پولیس کے اے ایس پی عاطف امین کا کہنا ہے کہ ماڑی پور روڈ حب چوکی سے شہر کو جوڑنے والی مرکزی سڑک ہے، صبح 4 بجے بھی میں نے مظاہرین سے مذاکرات کی کوشش کی، مظاہرین کے مطالبے پرکے الیکٹرک سے تحریری معاہدہ بھی کروایا گیا، جب معاملات طے پاگئے تو مظاہرین میں دھڑے بن گئے۔
دوسری جانب صورتحال کو مزید کشیدہ ہونے سے روکنے کےلیے پولیس اہلکارتعینات کردئیے گئے اور مظاہرین کے نمائندوں کے پولیس نے مذاکرات کئے۔ ضلعی انتظامیہ نے کےالیکٹرک اورمظاہرین کےدرمیان سمجھوتہ کروادیا جس کے تحت لوڈشیڈنگ کا نیا شیڈول جاری کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
واضح رہے کہ گرمی بڑھتے ہی بجلی کی طویل اورغیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ ہوگیا، این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار 22 ہزار 500 میگاواٹ کے لگ بھگ اور طلب 28 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگئی ہے، اس طرح بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 500 میگاواٹ ہوگیا۔
