کراچی ٹیسٹ،دوسری اینگز:پاکستان نے2 وکٹوں پر71 رنز بنا لئے

قومی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 2 وکٹ کے نقصان پر 71 رنز بنالیے جبکہ کیویز کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 103 رنز درکار ہیں، اوپنر عبداللہ شفیق 17 اور شان مسعود 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کراچی کےنیشنل اسٹیڈیم میں سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 612 رنز بناکر ڈکلئیر کردی تھی۔مہان ٹیم نیوزی لینڈ نے چوتھے روز اننگز کا آغاز 440 رنز 6 وکٹ نقصان پر کیا تھا، کین ولیمسن اور اش سودھی نے 159 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی اور پاکستان پر 174 رنز کی سبقت حاصل کرلی۔ کین ولیمسن نے ناقابل شکست 200 رنز بنائے جبکہ اش سودھی 65 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے۔ دیگر کھلاڑیوں میں ٹم ساؤتھی اور نَل ویگنر صفر رنز پر پاکستانی بالرز کا شکار بنے،ابرار احمد نے 5، نعمان علی نے 3 جبکہ محمد وسیم جونیئر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
تیسرے روز کیوی اوپنرز ڈیون کونوے اور ٹام لیتھم نے پاکستان میں اوپننگ شراکت کا 57 سالہ کیوی ریکارڈ توڑتے ہوئے 183 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔لیتھم 113، کونوے 92، ہینری نکولس 22، ڈیرل مچل 42، ٹام بلنڈل 47، مچل بریسویل 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، کپتان کین ولیمسن نے نے سنچری مکمل کرلی۔ وہ 105 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور نعمان علی نے 2، 2 جبکہ محمد وسیم جونیئر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔قبل ازیں پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 438 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
دوسرے روزمہمان ٹیم کے اوپنرز بلے بازوں نے شاندار آغاز کیا۔ ٹام لیتھم نے 78 اور ڈیون کونوے 82 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کی جانب سے فاسٹ اور اسپن بولرز نے وکٹ لینے کی کوشش کی تاہم کامیابی نہیں مل سکی۔قبل ازیں، پاکستان نے 317 رنز پانچ وکٹوں کے نقصان پر بقیہ اننگز کا آغاز کیا لیکن کپتان بابراعظم دوسرے روز پہلے اوور کی چوتھی گیند پر ٹم ساوتھی کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 161 رنز کی اننگز کھیلی۔بابراعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد نعمان علی نے آغا سلمان کے ساتھ مل کر 54 رنز کی شراکت قائم کی۔ تاہم، نعمان علی کی وکٹ گرنے کے بعد کوئی کھلاڑی وکٹ پر ساتھ نہ دے سکا۔آغا سلمان نے اپنے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی اور 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔کیوی کپتان ٹم ساوتھی نے تین کھلاڑیوں کا شکار کیا جبکہ اش سودھی، اعجاز پٹیل اور مائیکل بریسویل نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فاسٹ بولر نیل واگنر ایک ہی وکٹ لے سکے۔
پہلے روزقومی ٹیم نے ٹیسٹ کے پہلے روز ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس کی تین وکٹیں 48 کے اسکور پر گرگئیں جب کہ چوتھی وکٹ 110 رنز پر گری جس کے بعد کپتان بابراعظم اور سرفراز احمد نے ٹیم کو سہارا دیا۔دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں 196 رنز بنائے گئے، کھیل کے آخری اوورز میں سرفراز احمد 86 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس سے قبل، اوپنر بلے باز عبداللہ شفیق 7 رنز، شان مسعود 3 رنز، امام الحق 24 رنز اور سعود شکیل 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے۔قومی ٹیم میں وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد اور فاسٹ بولر میر حمزہ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ بلے باز امام الحق کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔سرفراز احمد نے تقریباً 4 سال قبل 2019 میں بحیثیت کپتان جنوبی افریقا کے خلاف جوہانسبرگ میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ سرفراز احمد ہوم گراؤنڈ پر اپنا میچ کھیل رہے ہیں۔ فاسٹ بولر میر حمزہ نے آخری مرتبہ ٹیسٹ میچ 2018 میں کھیلا تھا۔
قومی ٹیم میں امام الحق، عبداللہ شفیق، شان مسعود، کپتان بابراعظم، سعود شکیل، وکٹ کیپر سرفراز احمد، آغا سلمان، نعمان علی، محمد وسیم، ابرار احمد، میر حمزہ جبکہ نیوزی لینڈ ٹیم میں ٹام لیتھم، ڈیون کونوے، کین ولیمسن، ہینری نکولس، ڈیرل مچل، ٹام بلنڈل، مائیکل بریسویل، کپتان ٹم ساوتھی، اش سودھی، نیل واگنر، اعجاز پٹیل شامل ہیں۔
