کراچی ٹیسٹ، پاکستانی ٹیم انگلینڈ کیخلاف 304 رنز پر آل آئوٹ

کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 304 رنزبناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا تاہم عبد اللہ شفیق 8 رنز بنا کر لیچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے جبکہ 46 کے مجموعے پر شان مسعود بھی 30 رنز بنا کر مارک ووڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔جبکہ پہلے روز کے کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے ایک وکٹ پر 7 رنزبنالیے۔

کھانے کے وقفے سے قبل آخری اوور میں اظہر علی اولی رابنسن کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 45 رنز کی اننگز کھیلی، بابر اعظم نے 138 گیندوں پر 72 رنز کی اننگ کھیلی، آغا سلمان 93 گیندوں پر 56 رنز بنا سکے۔

سعود شکیل 23 رنز بنا کر ریحان احمد کا شکار بنے جبکہ محمد رضوان 19 رنز بنا کر جو روٹ کی فل ٹاس گیند پر بین اسٹوکس کو کیچ دے بیٹھے، بابر اعظم 78 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ فہیم اشرف 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

آغا سلمان اور نعمان علی نے انگلش بولرز کے سامنے مزاحمت کی کوشش کی لیکن 20 رنز بنا کر نعمان علی بین اسٹوکس کا شکار بنے، نعمان کے بعد آغا سلمان بھی 56 اور ابرار 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے اور یوں قومی ٹیم پہلی اننگز میں 304 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

انگلش بولرز کی جانب سے جیک لیچ نے 4، ریحان احمد نے 2 جبکہ رابنسن، مارک ووڈ اور روٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، قبل ازیں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ کراچی ٹیسٹ میں محمد وسیم جونیئر ڈیبیو کر رہے ہیں، اس کے علاوہ اظہر علی، نعمان علی اور  شان مسعود کو بھی پیلنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے، تیسرے ٹیسٹ کے لیے امام الحق، محمد علی، زاہد محمود اور محمد نواز کو آرام دیا گیا ہے۔

انگلش کپتان بین اسٹوکس کا کہنا ہے کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ ہی کرتے لیکن پہلی ترجیح سیریز تین صفر سے جیتنا ہے، بین اسٹوکس نے کہا کہ جیمز اینڈرسن کو آرام دیا گیا ہے اور ان کی جگہ ریحان احمد ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے ہیں، یاد رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو دو صفر کی فیصلہ کن سبقت حاصل ہے۔

Back to top button