کراچی : چوہدری اسلم کے قریبی ساتھی ڈی ایس پی علی رضا فائرنگ سے شہید ، الفجر نامی تنظیم نے ذمہ داری قبول کرلی

کراچی کے علاقے کریم آباد میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے چوہدری اسلم شہید کے قریبی ساتھی ڈی ایس پی علی رضا کو شہید کردیا۔ الفجر نامی تنظیم نے ذمہ داری قبول کرلی۔
کراچی کے علاقے کریم آباد میں انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی ) کے ڈی ایس پی علی رضا کو فائرنگ کرکے شہید کردیا گیا۔
دوسری جانب ڈی ایس پی علی رضا کو شہید کرنے کی ذمہ داری الفجر نامی تنظیم نے قبول کرلی ہے، الفجر نامی دہشت گرد تنطیم نے نامعلوم مقام سے بیان جاری کردیا۔ اس تنظیم الفجر نے اس سے قبل سہراب گوٹھ میں پولیس اہلکار کے قتل کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی۔
ڈی ایس پی علی رضا شہید چوہدری اسلم شہید کے قریبی ساتھیوں میں سے تھے اور گزشتہ کئی سالوں سے سی ٹی ڈی میں تعینات تھے۔
شہید ڈی ایس پی علی رضا نے لیاری گینگ وار، کالعدم تنظیموں اور دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں حصہ لیا تھا۔
کراچی پولیس کے مطابق ڈی ایس پی علی رضا اپنے دوستوں سے ملنے آئے تھے، انہوں نے اپنی گاڑی پارک کی اور اپارٹمنٹ میں داخل ہوئے جہاں 2 حملہ آور پہلے سے ہی موجود تھے اور انہوں نے نائن ایم ایم پستول سے فائرنگ کردی۔
پولیس کے مطابق ملزمان علی رضا کا انتظار کر رہے تھے اور جائے وقوعہ سے 11 خول ملے ہیں۔
کراچی پولیس کے مطابق اس قاتلانہ حملے میں اپارٹمنٹ کا سکیورٹی گارڈ بھی زخمی ہوا جسے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
