یو این میں وزیراعظم کے فلسطین سے متعلق الفاظ کو فلسطینی مشن نے سوشل میڈیا پر نمایاں کردیا

فلسطینی مشن نے وزیراعظم شہباز شریف کے جنرل اسمبلی سے خطاب میں فلسطین سے متعلق بیان کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر نمایاں کیا

وزیراعظم شہباز شریف کے فلسطین سے متعلق الفاظ کو اقوام متحدہ میں فلسطینی مشن نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر نمایاں کردیا۔

فلسطینی مشن نے وزیراعظم پاکستان کے الفاظ نمایاں کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل اسمبلی سے خطاب میں فلسطین کا خصوصی ذکر کیا اور فلسطینی خواتین، بچوں اور بزرگوں پر مظالم کو عالمی ضمیر کے سامنے اجاگر کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں گزشتہ سال ہند رجب نامی فلسطینی بچی کی دل دہلا دینے والی داستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسے اسرائیلی فوجیوں نے ہلاک کردیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس سال ایک اور سانحہ دنیا کے دل پر بوجھ بن گیا ہے، 8 سالہ وفا عقیلہ نے اس جارحیت میں اپنی جان گنوادی اور اس کا اسکول کا پہلا دن زندگی کا آخری دن بن گیا۔

شہباز شریف نے سوال کیا کہ کیا غزہ میں پیدا ہونے والا بچہ دنیا کے دیگر بچوں کی طرح زندگی، مستقبل اور خواب دیکھنے کا حق نہیں رکھتا؟

Back to top button