بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے خلاف آپریشنز، چند روز میں 70 سے زائد دہشتگرد ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 70 سے زائد دہشتگرد ہلاک کیے گئے

 سکیورٹی فورسز نے گزشتہ چند روز کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے 70 سے زائد دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بلوچستان کے علاقے شعبان میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے ٹھکانوں کی نشاندہی کی تھی۔ انٹیلی جنس اطلاعات پر سکیورٹی فورسز نے 21 ستمبر کو زیارت اور گرد و نواح میں کارروائی کی، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 33 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ خوارج مقامی آبادی کے لیے خطرہ بن رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 25 ستمبر کو نوشکی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جس میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 11 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ مند میں بھی سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگرد ہلاک کیے جبکہ کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران 70 سے زائد دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔ ادارے کے مطابق عزمِ استحکام کے وژن کے تحت انسدادِ دہشتگردی مہم جاری رہے گی اور سکیورٹی فورسز و قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

Back to top button