نیپرا کی بلند عمارتوں اور صنعتی صارفین کیلئے نئے گرڈ شیئرنگ چارجز کی تجویز

500 کے وی اے سے زیادہ گنجائش والے ٹرانسفارمر استعمال کرنے والی بلند عمارتوں پر گرڈ شیئرنگ چارجز عائد کرنے کی تجویز

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بلند عمارتوں اور صنعتی صارفین کے لیے نئے گرڈ شیئرنگ چارجز کی تجویز پیش کردی۔

نیپرا نے تجویز دی ہے کہ ایسی بلند عمارتوں کے مالکان، جنہیں 500 کے وی اے سے زیادہ گنجائش والے ٹرانسفارمرز درکار ہوں، گرڈ شیئرنگ چارجز ادا کرنے کے ذمہ دار ہوں گے۔

اس کے علاوہ صنعتی صارفین کو مجموعی طور پر 15 میگاواٹ تک بجلی کے متعدد کنکشن حاصل کرنے کی اجازت دینے کی بھی تجویز پیش کی گئی ہے۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے اپنے کنزیومر سروس مینوئل میں مجوزہ ترامیم پر عوام سے رائے طلب کرلی ہے۔ مجوزہ ترامیم کے تحت صنعتی اور اسٹیل فرنس صارفین کے لیے چارجز میں بھی نظرثانی کی جائے گی، جبکہ عارضی بجلی منقطع کرنے کے قوانین کو مزید سخت کیا جائے گا۔

مجوزہ تبدیلیوں کے تحت بجلی چوری کے معاملات میں ڈیٹیکشن بل جاری کرنے کی مدت ممکنہ طور پر 12 ماہ تک بڑھائی جا سکے گی۔

نیپرا کے مطابق ایسی ہر عمارت جس کے لیے 500 کے وی اے سے زیادہ گنجائش والے مخصوص ٹرانسفارمر کی ضرورت ہو، اسے گرڈ شیئرنگ چارجز ادا کرنا ہوں گے۔

موجودہ قوانین کے تحت گراؤنڈ پلس تین منزلہ عمارتوں کو کثیر المنزلہ یا بلند عمارتوں کے زمرے سے خارج رکھا گیا ہے، جس کے باعث ان پر گرڈ شیئرنگ چارجز عائد نہیں ہوتے۔

Back to top button