پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور نے شمالی بحیرہ عرب میں پہلی لائیو ویپن فائرنگ کامیابی سے مکمل کرلی
طویل فاصلے تک مار کرنے والے اینٹی شپ کروز میزائل نے مقررہ ہدف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنایا

شمالی بحیرہ عرب: پاک بحریہ کی آبدوز پی این ایس/ایم ہنگور نے شمالی بحیرہ عرب میں پہلی لائیو ویپن فائرنگ کامیابی سے مکمل کرلی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پی این ایس/ایم ہنگور نے طویل فاصلے تک مار کرنے والا اینٹی شپ کروز میزائل کامیابی سے فائر کیا، جس نے مقررہ ہدف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے لائیو ویپن فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔ کامیاب فائرنگ سے ہنگور کے ویپن سسٹمز اور جنگی تیاری کی توثیق ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگور کی کامیاب فائرنگ پاک بحریہ کی زیرِ آب جنگی صلاحیتوں میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
نیول چیف نے پی این ایس/ایم ہنگور کی جنگی صلاحیت اور عملے کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ زیرِ آب جنگی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ آپریشنل تیاری اور قابلِ اعتماد دفاعی صلاحیت کے لیے ناگزیر ہے۔
نیول چیف کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پُرعزم ہے۔
