عمرہ ویزے کی آڑ میں خواتین کے جنسی استحصال کی کوشش ناکام، ایجنٹ گرفتار

ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو عمرہ ویزے کی آڑ میں مبینہ جنسی استحصال کے لیے بیرون ملک بھجوانے کی کوشش ناکام بنا دی

ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرہ ویزے کی آڑ میں خاتون کے جنسی استحصال کی کوشش ناکام بنادی اور خاتون کی نشاندہی پر امجد نامی ایجنٹ کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان کے مطابق خاتون مسافر انیشہ بی بی فلائٹ نمبر ایس وی 801 کے ذریعے عمرہ ویزے پر سعودی عرب جارہی تھی۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران خاتون کو جانچ پڑتال کے لیے شفٹ انچارج کے حوالے کیا گیا۔

ابتدائی تفتیش میں خاتون کو جنسی استحصال کے لیے بیرون ملک بھجوانے کے شواہد سامنے آئے۔ ترجمان کے مطابق خاتون کے موبائل فون، چیٹس اور دیگر ڈیجیٹل مواد سے جنسی استحصال کے مبینہ شواہد ملے، جبکہ دورانِ تفتیش جنسی استحصال کے نیٹ ورک سے متعلق تفصیلات بھی حاصل ہوئیں۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق خواتین کے جنسی استحصال میں ملوث گینگ کا سرغنہ سعودی عرب سے نیٹ ورک چلا رہا تھا، جبکہ گرفتار ایجنٹ نے عمرہ ویزے کی آڑ میں خاتون کو سعودی عرب بھجوانے کے انتظامات کیے تھے۔

خاتون مسافر کے موبائل فون اور دیگر مواد کو مزید تحقیقات کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے، جبکہ خاتون مسافر اور گرفتار ایجنٹ کو ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کے حوالے کردیا گیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ نیٹ ورک میں ملوث تمام عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

Back to top button