خواجہ سعد رفیق کا ریاست اور احتجاج کرنے والوں کو بات چیت کا مشورہ

ن لیگی رہنما نے کہا کہ حکومتیں اور احتجاج کرنے والے انا، ضد اور دھڑے بندی سے بالاتر ہوکر ایک دوسرے سے بات چیت کریں

حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے ریاست اور احتجاج کرنے والوں کو بات چیت کا مشورہ دے دیا۔

ایک بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مسائل حل کرنے کی نیت ہو تو راستہ ضرور نکلتا ہے، حکومتیں اور احتجاج کرنے والے ایک دوسرے سے بات چیت کریں۔

انہوں نے کہا کہ پہل ہمیشہ ریاست کرتی ہے، حکومتیں اور احتجاج کرنے والے انا، ضد اور دھڑے بندیوں سے اوپر اٹھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کی فتح نہیں ہوگی کیونکہ سب ہار رہے ہیں، اس لیے جانی و مالی نقصانات سے بچا جائے۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، ناانصافی اور دہشت گردی کی آگ میں جھلستا پاکستان کراہ رہا ہے۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے کی عزتِ نفس کو تار تار کرنا کوئی فخریہ کام نہیں، عام آدمی مشکلات کا شکار ہے اور اسے سیاسی مباحثوں، الزامات اور باہمی کشمکش سے کوئی دلچسپی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بروقت علاج نہ کیا جائے تو رستے ہوئے زخم ناسور بن جاتے ہیں اور پھر پوری قوم کو طویل عرصے تک اس کی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے سول سوسائٹی، اہلِ دل اور اہلِ درد سے بیدار ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ قومی بیداری اور آوازِ حق کا تسلسل وقت کی ضرورت ہے، جو جہاں بھی ہے اپنی آواز بلند کرے۔

Back to top button