افغان طالبان کے نورستان میں مبینہ تشدد کو پاکستان سے جوڑنے کے الزامات بےبنیاد ہیں: وزارت اطلاعات

وزارت اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے خلاف الزامات کے ثبوت پیش نہیں کیے گئے اور نہ کسی فرد کی شناخت یا فرانزک شواہد سامنے آئے ہیں

وزارت اطلاعات و نشریات نے فیکٹ چیک کرتے ہوئے افغان طالبان رجیم کے نورستان میں مبینہ تشدد کو پاکستان سے جوڑنے کے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان افغان سیکیورٹی فورسز اور انٹیلیجنس اداروں کے الزامات کو مسترد کرتا ہے اور افغانستان کے اندرونی جھڑپوں میں ملوث ہونے کے الزامات بھی بے بنیاد ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ سابق افغان سیکیورٹی اہلکاروں کو بھرتی یا تربیت دینے، داعش یا کسی دہشتگرد گروہ کو سہولت فراہم کرنے کے الزامات کے بھی کوئی ثبوت پیش نہیں کیے گئے۔ کسی فرد کی شناخت، دستاویزات، مواصلاتی ریکارڈ یا فرانزک شواہد بھی سامنے نہیں آئے۔

وزارت اطلاعات کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مبینہ ویڈیو میں چند غیرمسلح افراد دکھائی دیتے ہیں، تاہم ویڈیو کی بنیاد پر پاکستان سے تعلق جوڑنے کے الزامات ثابت نہیں ہوتے۔

وزارت اطلاعات نے مزید کہا کہ افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کی موجودگی سے متعلق عالمی اور اقوام متحدہ کی رپورٹس میں بھی نشاندہی کی گئی ہے، جبکہ افغان سرزمین سے سرگرم دہشتگرد تنظیمیں پاکستان اور خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ طالبان رجیم کو پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگانے کے بجائے اپنی سرزمین پر دہشتگرد گروہوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے اور اس عزم کی پاسداری ضروری ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال نہ ہو۔

Back to top button