رکن کی گرفتاری کیلئے اسپیکر کی پیشگی اجازت نئی ایجاد نہیں: اسپیکر بابر سلیم سواتی

اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی نے کہا کہ ہر رکن تفتیش، مقدمے اور عدالتی کارروائی کا سامنا کرے گا

اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے کہا ہے کہ رکن اسمبلی کی گرفتاری کے لیے اسپیکر کی پیشگی اجازت نئی ایجاد نہیں۔

ایک بیان میں بابر سلیم سواتی نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی اگر منتخب عوامی نمائندے اور پارلیمانی نظام کا حصہ رہے ہوتے تو یہ بات جانتے۔

انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی کی گرفتاری کے لیے اسپیکر کی پیشگی اجازت نئی ایجاد نہیں، ہر رکن تفتیش، مقدمے اور عدالتی کارروائی کا سامنا کرے گا۔

بابر سلیم سواتی نے مزید کہا کہ اسپیکر کا کردار صرف یہ یقینی بنانا ہے کہ گرفتاری سیاسی انتقام یا اسمبلی کارروائی میں رکاوٹ کے لیے نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا یہ جمہوریت ہے کہ نقاب پوش وارنٹ کے بغیر منتخب ارکان اور سیاسی قیادت کے گھروں پر چھاپے مار کر انہیں اٹھائیں؟

Back to top button