کرونا نے مزید 9 افراد کی جان لے لی
ملک بھر میں کرونا کے وار جاری ہیں، مزید 9 افراد جان کی بازی ہار گئے ،
این سی او سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا کی تشخیص کے لیے 42 ہزار 381 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 414 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق پائی گئی۔مثبت کیسز کی شرح 0.97 فیصد تک جا پہنچی ہے ، اس کے علاوہ 896 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
دریں اثنا مہلک وائرس سے نمٹنے کے لیے این سی او سی نے ویکسینیشن کے حوالے سے سخت اقدامات کرنے فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ویکسینیشن ٹیموں کو مختلف عوامی مقامات پر تعینات کیا جائے تاکہ موقع پر موجود افراد کو ویکسین لگائی جا سکے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیرصدارت این سی اوسی کے اجلاس کے دوران نیشنل کوآرڈینیٹر میجر جنرل محمد ظفر اقبال، معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان اور صوبائی وزراء صحت اور چیف سیکرٹریز نے ورچوئلی اجلاس میں شرکت کی۔
دوران اجلاس قومی ویکسین کی حکمت عملی اور ملک بھر میں بیماری کے پھیلاوٴ کی روک تھام سے متعلق اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ، فورم کو کوویڈ کے مثبت کیسز کی شرح، بیماری کے پھیلاوٴ، اموات کی تعداد اور نئے داخلوں کے بارے میں بتایا گیا۔
