کرکٹ ورلڈ کپ، پاکستان کرکٹ بورڈآئی سی سی سے بازی لے گیا

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے ترانے پر تنقید کے بعد پی سی بی نے بھی سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر ترانہ جاری کر دیا ہے، جس کو مداح لاکھ درجے بہتر قرار دے رہے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا صارفین بھارتیوں کو پاکستانیوں سے میوزک کلاسز لینے کا بھی مشورہ دیتے دکھائی دیئے۔گزشتہ روز پی سی بی نے ورلڈ کپ کے لیے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر پاکستان کرکٹ شائقین کے لیے نیا ترانہ جاری کیا، ترانے ’’’کیونکہ جنون اور لگن میں، کوئی نہیں لائک اَس (Like us) ‘‘ کے ٹائٹل سے جاری 4 منٹ اور 18 سیکنڈ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جسے شائقین کی جانب سے بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔ ویڈیو میں یہ دکھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ پاکستانیوں میں کرکٹ کا جنون ہے اور اسی کھیل کی بدولت لوگ ایک دوسرے کے قریب ہیں۔جوش سے بھرپور گانے کی دھن، کمپوزیشن اور میوزک کے ذریعے ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنے کا پیغام دیا گیا ہے، گانے میں زیادہ تر ریپرز نے اپنی بہترین پرفارمنس سے شائقین کے دل جیت لیے ہیں، احسن مغل، ایچ وائے ڈی آر اور قرۃ العين بلوچ، میوزک بینڈ ینگ اسٹنرز کی سریلی آوازیں شامل ہیں، اس کے علاوہ گانے کی ویڈیو میں اینی میشن (animation) اور سنیماٹوگرافی کی بھی خوب تعریفیں کی گئی ہیں، گانے کی ویڈیو جاری ہوتے ہیں کرکٹ شائقین کا کہنا تھا کہ یہ ترانہ آئی سی سی کے آفیشل ترانے سے بہت بہتر ہے۔سوشل میڈیا صارف فریحہ نے لکھا کہ ’اس کو کہتے ہیں ترانہ‘، نقا نامی صارف نے لکھا کہ ’یہ ترانہ آفیشل ترانے سے 100 گنا بہتر ہے‘، انہوں نے بھارتیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ لوگ ہمارے گانے کاپی کر سکتے ہیں لیکن ہمارے ٹیلنٹ کو ہرا نہیں سکتے۔ بھارتی صارف نشی پٹیل نے لکھا کہ آپ مجھ سے اتفاق کریں یا دیوار سے بحث کریں لیکن پاکستان کرکٹ کا یہ ترانہ بہترین ہے، ایک اور صارف نے ویڈیو میں شاہین آفریدی کے ساتھ عقاب کی Animation کی تعریف کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ عمیر نے لکھا کہ یہ ایک اور چیز ہے جو ہم اپنے پڑوسیوں کو سکھا سکتے ہیں، قاسم محمود نے لکھا کہ یہ بہترین ہے، بلکہ ورلڈکپ کے آفیشل گانے سے بھی بہتر ہے، یاد رہے کہ 20 ستمبر کو آئی سی سی کی جانب سے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے آفیشل ترانے کی ویڈیو جاری کی گئی تھی، ترانے کی دھن بالی ووڈ کے مشہور موسیقار پریتم چکرورتی نے تیار کی تھی جبکہ نامور اداکار رنویر سنگھ نے ویڈیو میں پرفارم کیا تھا۔’ اس دوران گلوکار علی ظفر نے بھی شائقین کی بھرپور فرمائش پر ورلڈ کپ کے لیے نیا ترانہ جاری کرنے کا وعدہ کیا تھا، حال ہی میں انہوں نے مداحوں کو آگاہ کیا تھا کہ نئے ترانے پر کام جاری ہے، گانے کا ٹائٹل ’مزہ آیا‘ ہوگا۔

Back to top button