کرکٹ ورلڈ کپ بارے بنی فلم ’’83‘‘ میں پاکستانیوں کیلئے کیا ہے؟

بالی ووڈ سٹار رنویر سنگھ کی دنیائے کرکٹ پر بنائی گئی نئی انڈین فلم ’’83‘‘ کے اس وقت سوشل میڈیا پر خوب چرچے ہیں، اس فلم کو آئندہ ہفتے کرسمس کے موقع پر 24 دسمبر کو ریلیز کیا جائے گا۔ بتایا گیا یے کہ یہ فلم بھارتی کرکٹ ٹیم کی ورلڈکپ 1983 جیتنے کی کہانی کے گرد گھومتی ہے۔
فلم کی پروموشن کے لیے حال ہی میں جب رنویر سنگھ اہلیہ ادکارہ دپیکا پڈوکون اور دیگر کے ہمراہ یو اے ای کی ریاست دبئی پہنچے تو صحافیوں سے بات کے دوران ایک پاکستانی صحافی نے بھیبان سے انکی آنے والی فلم سے متعلق سوال کیا۔ رنویر سنگھ نے آواز سے ہی پہچان لیا کہ سوال کرنے والا شخص پاکستانی ہے، بعد ازاں رنویر سنگھ نے صحافی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کی آنے والی فلم میں ایک خاص سین ہے، جسے دیکھ کر پاکستانی شائقین بہت خوش ہوں گے۔ رنویر نے ہنستے ہوئے کہا کہ ابھی وہ اس سین بارے تفصیل نہیں بتا سکتے، تاہم وہ یقینی طور پر کہتے ہیں کہ اسے دیکھنے کے بعد پاکستانی شائقین بہت خوش ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو انکی فلم ’83‘ ہر حال میں دیکھنی چاہئے۔
رنویر سنگھ نے کہا کہ ’83‘ فلم بہت ہی پیاری مووی ہے اور اسے ہر کرکٹ مداح کو دیکھنا چاہئے، حال ہی میں دبئی کے برج خلیفہ پر ان کی فلم کے ٹریلر کا ٹریلر بھی دکھایا گیا جبکہ اس سے قبل ’83‘ کو گزشتہ ہفتے سعودی عرب میں ہونے والے عالمی فلم فیسٹیول میں بھی پیش کیا گیا تھا۔
فلم ’83‘ کا ٹریلر گزشتہ ماہ نومبر میں جاری کرتے ہوئے اسے 24 دسمبر کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ فلم کی کہانی بھارت کی جانب سے 1983 میں جیتے جانے والے پہلے کرکٹ ورلڈ کپ کے گرد گھومتی ہے، جس میں رنویر سنگھ کرکٹ ٹیم کے تب کے کپتان کپل دیو کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔ دپیکا پڈوکون اس فلم میں بھی رنویر سنگھ کی اہلیہ یعنی کپل دیو کی بیوی رومی بھاٹیا کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی جبکہ اسکی دیگر کاسٹ میں سلیم ثاقب، پنکج ترپاتھی اور بومن ایرانی سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔ فلم کے ٹریلر میں 1983 کا کرکٹ ورلڈ کپ کھیلنے والی بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں کے رول ادا کرنے والے اداکاروں کو دکھایا گیا ہے۔
