کنگنا رناوت نے کرن جوہر کو ’’مودی مافیا‘‘ قرار دے دیا

اداکارہ کنگنا رناوت اور معروف ہدایتکار کرن جوہر کے درمیان لفظی گولہ باری اکثر ہوتی رہتی ہیں، دونوں ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، حال ہی میں اداکارہ کنگنا نے فلمساز کرن جوہر کو ٹیگ کر کے کھری کھری سنا دیں۔کنگنا، کرن جوہر پر پھبتی کسنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتیں تو جواب میں فلمساز کرن جوہر بھی صاف صاف کہہ دیتے ہیں کہ کنگنا میں اداکاری کے جوہر ہی نہیں۔
کنگنا رناوت نے کچھ عرصے پہلے کرن جوہر کو فلم انڈسٹری کا مودی مافیا قرار دیا تھا جو بڑے سٹارز کے بچوں کو پروموٹ کرتے ہیں اور فلم انڈسٹری کو چند خاندانوں تک محدود رکھتے ہیں۔2019 میں کرن جوہر نے کنگنا رناوت کو بیروزگار کہہ کر طنز کا نشانہ بنایا تو اداکارہ نے ترکی بہ ترکی جواب دیا تھا کہ تم میرا ٹیلنٹ اور اپنی فلموں پر نظر ڈالو، جواب میں کرن جوہر بھی بغیر لگی لپٹی کہہ چکے ہیں کہ انھیں اداکارہ کنگنا کو فلم میں لینے اور ان کے ساتھ کام کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
یہ بات تو کافی پرانی تھی لیکن سوشل میڈیا پر ایک مداح نے کنگنا رناوت کو کرن جوہر کے اس بیان کی ویڈیو پر ٹیگ کر کے معاملہ دوبارہ گرم کر دیا جس پر کنگنا رناوت نے اس پرانی ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ چاچا چوہدری (کرن جوہر) اس فضول گفتگو کے لیے شکریہ، کنگنا رناوت نے مزید لکھا کہ جب میں فلمساز بنوں گی تو میں ان کا یہ بیان انہی کو بطور آئینہ دکھاؤں گی۔
ویڈیو میں کرن جوہر کنگنا رناوت کے ساتھ کام کرنے سے انکاری دکھائی دیتے ہیں، وہ کہتے ہیں جب وہ کہتی ہے کہ ہم مودی مافیا ہیں، اس کا کیا مطلب ہے؟ کرن جوہر نے مزید سوال اٹھایا کہ وہ کیا سوچتی ہے؟ ہم انڈسٹری میں کیا کر رہے ہیں؟ ہم اسے بیٹھے بٹھائے کام نہیں دے رہے، یہی وجہ ہے کہ ہم مووی مافیا ہیں؟انہوں نے مزید کہا کہ ہم یہ سب اپنی مرضی سے نہیں کر رہے ہیں، شاید میں ایسا اس لیے کر رہا ہوں کیونکہ میں اس کے ساتھ کام کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتا۔2019ء میں کنگنا رناوت نے ایک تقریب میں کہا تھا کہ کرن جوہر نے میرا مذاق اڑیا اور مجھے بیروزگار کہا، میرا جواب ہے کہ ’تم میرا ٹیلنٹ اور اپنی فلموں پر نظر ڈالو۔
