کورونا ویکسین لگوانے سے پہلے یہ معلومات ضرور پڑھیں

ملک بھر میں چین کی جانب سے فراہم کی گئی کورونا ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے تاہم اس ویکسین سے متعلق کچھ ضروری معلومات جاننا بھی عوام کےلیے بہت ضروری ہیں۔
چین کی یہ ویکسین دو خوراکوں پر مشتمل ہے جو 21 روز کے وقفے سے لگتی ہے اور اسے لگانے سے پہلے انسان کا بلڈ پریشر اور شوگر لیول چیک کرنا لازمی ہے، دونوں چیزیں نارمل ہونے کی صورت میں ہی ویکسین لگانے کا مرحلہ آئے گا۔ یہ ویکسین 18 سال سے کم افراد کےلیے نہیں ہے جب کہ کسی بھی قسم کی غیر متوقع صورت حال سے نمٹنے کےلیے ویکسین مراکز میں ضروری آلات سے لیس ایمرجنسی کارنرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق سائنو فارم کمپنی کی یہ ویکسین 2 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت پر رکھی جاتی ہے جب کہ امریکا اور روس سمیت دیگر ممالک کی کورونا ویکسین کو رکھنے کےلیے منفی 20 سے منفی 70 ڈگری کا درجہ حرارت درکار ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کولڈ چین کو برقرار کرنا پاکستان جیسے ممالک میں بہت مشکل ہے، شاید یہی وجہ ہے کہ حکومت نے چین کی ویکسین کو ترجیح دی ہے۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اگلے مرحلے میں یہ ویکسین دیگر سرکاری ملازمین سمیت عام لوگوں کےلیے بھی دستیاب ہوگی تاہم اس میں کتنا وقت لگے گا اس بارے میں حکام کچھ بتانے سے قاصر ہیں۔
