کورونا کی سنگین صورتحال: وزیر اعظم عمران خان کا بھارتی عوام سے اظہار یکجہتی

وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے سنگین حالات سے دوچار پڑوسی ملک بھارت کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ میں وزیر اعظم نے بھارتی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی عوام کو کورونا کی خطرناک لہر کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی جلد صحت یابی کےلیے دعاگو ہیں، جب کہ ہمیں انسانیت کو درپیش عالمی چیلنج کا مل کر مقابلہ کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کی وبا سنگین صورتح ال اختیار کرگئی ہے اور گزشتہ 3 روز سے رپورٹ ہونے والے یومیہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ اس ضمن میں گزشتہ روز پاکستان میں ‘IndiaNeedsOxygen’ کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرتا نظر آیا اور وزیراعظم عمران خان سے اصرار کیا گیا کہ وہ انسانی بنیادوں پر بھارت کےلیے امداد بھیجیں۔ دوسری جانب معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کے بیٹے اور ایدھی فاؤنڈیشن کے چیئرمین فیصل ایدھی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے نام خط میں کورونا سے پیدا ہونے والے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مدد کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کو 50 ایمبولینس اور رضاکاروں کی ٹیم بھارت بھیجنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود رضاکاروں کی ٹیم کی قیادت کرنے کےلیے تیار ہیں۔ بھارت میں وبا کی اس نئی لہر کے دوران تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ، وائرس کی نئی طرز کے ساتھ ساتھ حکومت کی جانب سے ‘کمبھ میلے’ سمیت بڑے عوامی اجتماعات کی اجازت دینے کو قرار دیا جا رہا ہے۔ ہندوستان کا نظام صحت طویل عرصے سے ناقص فنڈنگ کا شکار ہے اور کووڈ-19 کی نئی طرز پھیلنے سے آکسیجن، ادویات اور اسپتال کے بستروں کی شدید قلت ہوگئی ہے جس کی وجہ سے اسپتال آکسیجن کی فراہمی کےلیے درد مندانہ اپیل کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ رواں ماہ کے دوران بھارت میں 40 لاکھ سے زیادہ کیسز ریکارڈ کیے جاچکے ہیں جس کے ساتھ ہی اس سال کے اوائل میں پیدا ہونے والی امید کی کرن دم توڑتی نظر آرہی ہے۔
I want to express our solidarity with the people of India as they battle a dangerous wave of COVID-19. Our prayers for a speedy recovery go to all those suffering from the pandemic in our neighbourhood & the world. We must fight this global challenge confronting humanity together
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) April 24, 2021
