کیا بابراعظم PSL کی کپتانی بھی چھوڑنے والے ہیں؟
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم کے تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے دستبردار ہونے کے بعد PSL9 کے دوران فرنچائز ٹیم کی کپتانی بھی مشکل میں دکھائی دے رہی ہے، بابراعظم کو پی ایس ایل کپتانی سے بھی دستبردار ہونے کیلئے تجاویز مل رہی ہیں۔ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ میں نے تو 2 سال قبل بھی بابر اعظم سے کہا تھا کہ لیگ کرکٹ میں قیادت نہ کرو، آپ ایک بڑے کرکٹر ہیں، اپنی رقم لیں، میچز کھیلیں، رنز بنائیں، گھر جائیں اور نئے ایونٹ میں شرکت کی تیاری کریں، پاکستان ٹیم کی کپتانی تو ٹھیک مگر لیگ کرکٹ میں یہ بلاوجہ اضافی دباؤ بڑھانے والی بات ہے۔سابق بھارتی کرکٹر گوتم گھمبیر نے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ورلڈکپ سے قبل بابراعظم کے ٹاپ سکورر رہنے کی پیشگوئی کر دی تھی مگر قیادت کے دباؤ سے ان کی پرفارمنس بھی متاثر ہوگئی، اس سے آزاد ہو کر اب بہترین صلاحیتیں کھل کر سامنے آئیں گی، اب میدان میں شائقین کو ایک مختلف بابراعظم دیکھنے کو ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ انھیں پی ایس ایل جیت کر بھی کچھ نہیں ملے گا مگر بیٹنگ پر توجہ دیں تو پاکستان کی تاریخ کے بہترین بیٹر کی حیثیت سے اپنا نام درج کروا سکتے ہیں، کپتانی کا پریشر ختم ہونے کے بعد امید ہے کہ بابر مزید 10سال تک کرکٹ میں صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔واضح رہے کہ پی ایس ایل 8 کا فائنل شاہین آفریدی کی قیادت میں لاہور لائنز نے جیتا تھا جن کو 24 قیراط سونے سے بنی ٹرافی کے ساتھ 12 کروڑ روپے کی انعامی رقم دی گئی تھی، جبکہ رنرز اپ کو 4 کروڑ 80 لاکھ روپے ملیں گے۔