پیٹرول پر 118، ڈیزل پر 110 روپے ٹیکسز کی مد میں وصولی

پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں شامل لیوی، ٹیکسز اور مختلف مارجنز کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جن کے مطابق صارفین سے فی لیٹر پیٹرول پر مجموعی طور پر 118 روپے 76 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 110 روپے 65 پیسے مختلف حکومتی محصولات اور مارجنز کی مد میں وصول کیے جا رہے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق ایک لیٹر پیٹرول کی بنیادی لاگت 178 روپے 77 پیسے ہے، تاہم حکومت نے اس کی فروختی قیمت 297 روپے 53 پیسے فی لیٹر مقرر کر رکھی ہے۔ اس قیمت میں 70 روپے 36 پیسے پٹرولیم لیوی، 5 روپے کلائمیٹ سپورٹ لیوی، 19 روپے 33 پیسے کسٹمز ڈیوٹی، 6 روپے 86 پیسے ان لینڈ فریٹ ایکولائزیشن مارجن، 7 روپے 87 پیسے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا مارجن اور 8 روپے 64 پیسے ڈیلرز مارجن شامل ہیں۔ یوں فی لیٹر پیٹرول کی قیمت میں بنیادی لاگت کے علاوہ 118 روپے 76 پیسے مختلف مدات کی صورت میں وصول کیے جا رہے ہیں۔

اسی طرح ایک لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل کی بنیادی لاگت 198 روپے 85 پیسے ہے، جبکہ اس کی سرکاری قیمت 309 روپے 50 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ سرکاری دستاویز کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 110 روپے 65 پیسے لیوی، ٹیکسز اور مختلف مارجنز شامل ہیں، جو صارفین سے وصول کیے جا رہے ہیں۔

اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی پمپ پر فروخت ہونے والی قیمت کا ایک بڑا حصہ اصل درآمدی یا بنیادی لاگت کے بجائے حکومتی لیوی، کسٹمز ڈیوٹی، کلائمیٹ سپورٹ لیوی، فریٹ ایڈجسٹمنٹ اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں و ڈیلرز کے مارجنز پر مشتمل ہے، جبکہ ان میں سب سے بڑا حصہ پٹرولیم لیوی کا ہے جو پیٹرول پر 70 روپے 36 پیسے فی لیٹر وصول کی جا رہی ہے۔

Back to top button