کیا علی سیٹھی کی گلوکاری پر عوامی تنقید جائز ہے؟

معروف صحافی نجم سیٹھی اور جگنو محسن کے بیٹے علی سیٹھی پچھلے کچھ برسوں سے خود کو گلوکار کے طور پر منوانے کے لیے سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں لیکن ابھی تک انھیں مکمل کامیابی حاصل نہیں ہوسکی جس کی بنیادی وجہ ان پر لگایا جانے والا یہ الزام ہے کہ وہ اپنا اوریجنل گانا بنانے اور گانے کی بجائے ہمیشہ کسی مشہور گلوکار کا گایا ہوئے گانا گا کر مقبولیت حاصل کرنے کا آسان راستہ ڈھونڈتے ہیں۔ تاہم ایک حالیہ بحث میں علی سیٹھی نے اپنے اوپر تنقید کرنے والوں کو بتایا کہ وہ گزشتہ سال چھ اوریجنل گانے بھی ریلیز کر چکے ہیں۔
ان دنوں بھی سوشل میڈیا پرایک طرف تو صارفین علی سیٹھی کے منفرد انداز گلوکاری کو سراہتے نظر آتے ہیں تو دوسری جانب ان پر بطور شارٹ کٹ پرانے مشہور گیت پھر سے گا کر سستی شہرت حاصل کرنے کا الزام عائد کیا جا رہا ہے۔ فوک اور کلاسیقی موسیقی خصوصاً صوفی کلام کو نئے انداز میں گانے والے علی سیٹھی گذشتہ کچھ روز سے سوشل میڈیا ٹرینڈز میں نمایاں ہیں۔ علی سیٹھی کے ہیش ٹیگ کے ساتھ ہزاروں ٹویٹس کی جا رہی ہیں جن میں صارفین کہیں ان کی گائیکی کے منفرد انداز کو سراہ رہے ہیں، اور کہیں ان پر پرانے گانوں کے کوور بنا کر سستی شہرت حاصل کرنے کا الزام عائد کیا جا رہا ہے۔ اکثر صارفین کا الزام ہے کہ علی سیٹھی کو کوک سٹوڈیو کا پلیٹ فارم ان کے خاندانی اثر و رسوخ کی وجہ سے تب ہی مل گیا تھا جب ان کے والد نجم سیٹھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ تھے۔
بہت سے سوشل میڈیا صارفین کا موقف ہے کہ اگر سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ بننے والا طاہر شاہ نامی نام نہاد گلوکار بھی ہر دفعہ اپنے اوریجنل سونگ کے ساتھ سامنےآتا ہے تو علی سیٹھی ایسا کیوں نہیں کر سکتے۔ اس معاملے کو لے کر کے ٹوئٹر پر علی سیٹھی کے مداحوں اور تنقید کرنے والوں کے مابین لفظی جنگ جاری یے۔ بحث کے دوران علی سیٹھی بھی کافی غصے میں نظر آئے اور اس تاثر کو غلط قرار دیا کیا کہ آج تک انہوں نے کوئی اوریجنل گانا نہیں گایا۔
علی سیٹھی کے سرٹیفائیڈ سنگر ہونے یا نہ ہونے کی بحث اس وقت زور پکڑ گئی جب علی کا موازنہ طاہر شاہ سے کیا گیا۔ واضح رہے کہ اپنے گانوں ‘آئی ٹو آئی’ اور ‘اینجل’ اور منفرد انداز کی وجہ سے مشہور پاکستانی گلوکار طاہر شاہ نے حال ہی میں اپنا نیا گانا ’فرشتے‘ ریلیز کیا ہے۔ اس پر نادیہ نامی ایک ٹوئٹر صارف نے کہا کہ ‘کم از کم طاہر شاہ اپنے گانے لے کر تق آتے ہیں۔ کسی کا گایا گانا تو چوری نہیں کرتے۔ کیا ہم یہی بات علی سیٹھی کے بارے میں کہہ سکتے ہیں؟
اس پر علی سیٹھی نے جواب دیتے ہوئے خاتون پر سخت تنقید کی اور لکھا کہ وہ گذشتہ سال اپنے تخلیق کردہ چھ گانے ریلیز کرچکے ہیں۔گلوکار کی جانب سے اس دعوے کے بعد ان کی جانب سے استعمال کیے جانے والے الفاظ پر ٹوئٹر صارفین نے تنقید کی۔ ابھی یہ بات چل ہی رہی تھی کہ وہاب چٹھہ نامی ایک اور صارف نے علی سیٹھی سے اُن چھ گانوں کے بارے میں پوچھا جو انھوں نے گذشتہ سال ریلیز کیے ہیں۔ اس کے جواب میں گلوکار نے بظاہر صارف کی ٹوئٹر پروفائل پر لگی تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘دوبارہ سیلفی نہ لینا۔’
علی سیٹھی کے اس جواب کے بعد انھیں ٹوئٹر صارفین کی جانب سے مزید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ سوال پوچھنے پر ایسے نقص نکالنا صحیح عمل نہیں تو کسی نے لکھا: ‘علی سیٹھی بھی ہمارے آس پاس موجود انھی سلیبرٹیز کی طرح ہیں جو صرف تعریف سُننا چاہتے ہیں، تنقید برداشت نہیں کرتے اور شہرت کا مزہ بھی لینا چاہتے ہیں۔ ان سب کو یہ سمجھنا چاہیے کہ جہاں شہرت کے ساتھ پیار ملتا ہے وہیں نفرت بھی ملے گی۔ برداشت کرنا سیکھیں۔ تاہم اس تنقید کے بعد بھی علی سیٹھی نے یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے اپنے چھ کونسے گانے اوریجنل تخلیق کیے ہیں لیکن اس ساری بحث میں علی سیٹھی کے مداح بھی پیچھے نہیں رہے، کسی نے علی کے تخلیق کردہ گانے تھریڈ میں شیئر کیے تو کسی نے ان کی موسیقی پر ہونے والی تنقید کے مبینہ چُھپے ہوئے پہلو سامنے لانے کی کوشش کی۔ صہیب فرخ نامی ایک ٹوئٹر صارف لکھتے ہیں کہ تنقید کرنے والوں کی علی سیٹھی سے نفرت کی وجہ یہ ہے کہ ان کے پسندیدہ سیاستدان ماضی میں ان کے والد پر جھوٹے الزامات لگا کر شرمندگی اُٹھا چکے ہیں اور اب جہانگیر خان ترین کے اعتراف کے بعد ان میں بڑے سیٹھی کا سامنا کا کرنے کی ہمت نہیں تو یہ یہاں چھوٹے سیٹھی پر تنقید کر کے اپنی انا کی تسکین کر رہے ہیں۔
سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے صاحبزادے شہباز تاثیر نے بھی علی سیٹھی کی گائیکی پر ہونے والی تنقید میں ان کا دفاع کرتے ہوئے پچپن کی ایک یاد شیئر کی کہ علی نے ان کی پانچویں سالگرہ پر پیانو بجا کر فیض کا کلام گایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ علی سیٹھی محنت کرنے والے اور قدرتی طور پر وہ صلاحیتیں رکھتے ہیں جن کا مراعات یافتہ طبقے سے ہونے کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ تاہم علی کا دفاع کرنے پر شہباز تاثیر کو بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور صارفین نے کہا کہ کیونکہ وہ خود مراعات یافتہ طبقے سے تعلق رکھتے ہیں لہٰذا اسی وجہ سے وہ گلوکار کا دفاع کرنے آئے ہیں۔ فرضاً کے نام سے ایک ٹوٹئر صارف نے لکھا کہ پُرانے گانوں کے نئے انداز میں کوور بنانا کیوں غلط ہے جب کہ علی سیٹھی کے گائے ہوئے کلام اور غزلیں ماضی میں بڑے قوال اور غزال گا چکے ہیں۔
آجکل لاک ڈاؤن کی وجہ سے علی سیٹھی ماضی کے معروف سنگرز کے علاوہ بھارتی سنگرز کے ساتھ ہی انسٹاگرام پر لائیو سیشنز میں مصروف ہیں تاہم علی سیٹھی کی گائیکی کے انداز اور ان کے باقاعدہ سنگر ہونے یا نہ ہونے کی حالیہ بحث سے بھی کوئی نتیجہ اخذ نہیں کیا جا سکا۔
