ڈرامے میں نفرت کرنے والے ایک دوسرے کے پکے دوست بن گئے

"دو ٹکے کی عورت” کے ڈائیلاگ سے ملک گیر شہرت حاصل کرنے والے ڈرامے "میرے پاس تم ہو” میں ایک بےوفا بیوی کے شوہر اور اس کے عاشق کے کردار میں ایک دوسرے سے بے انتہا نفرت کرنے والے ہمایوں سعید ہمایوں اور عدنان صدیقی حقیقی زندگی میں کرونا وائرس کے باعث ایک دوسرے کے انتہائی قریب آکر بہترین دوست بن چکے ہیں۔
اس بات کا انکشاف اداکار ہمایوں سعید نے ثمینہ پیرزادہ کے ساتھ ایک ویڈیو انٹرویو میں کیا ہے۔ ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی گزشتہ ماہ اکٹھے امریکہ گئے تھے جہاں سے واپسی پر انہیں 14 دن کے لیے قرنطینہ میں جانا پڑا اور دونوں اداکاروں نے یہ وقت گھر کی بجائے ایک ہوٹل میں اکٹھے گزارا۔ ہمایوں سعید نے حال ہی میں اداکارہ ثمینہ پیرزادہ کو ویڈیو کال کے ذریعے ایک انٹرویو دیا اور سماجی تنہائی میں وقت گزارنے کے حوالے سے اپنی زندگی پر پڑنے والے اثرات پر بات کی۔
اداکار کا کہنا تھا کہ ’اب میری عادات شاید کبھی بھی تبدیل نہ ہوں، میں نے گزشتہ ایک ماہ میں کسی سے ہاتھ تک نہیں ملایا۔ انکا کہنا تھا کہ ’میں امریکا اپنے ڈرامے "میرے پاس تم ہو”، کے لیے رکھے گئے چند شوز کے لیے گیا تھا، جب ہم جارہے تھے تب کرونا اتنا پھیلا نہیں تھا، اس کے باوجود ہم ماسک، دستانے سب کچھ لے کر گئے، میں عدنان صدیقی اور حرا مانی کے ہمراہ امریکا گیا تھا۔ پہلے میں سمجھا تھا کہ ہمارے شوز منسوخ ہوجائیں گے، کیوںکہ لوگ ہی نہیں آئیں گے تاہم ڈھیروں لوگ آئے اور ہمارے شوز بھی ہوئے‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’واپس آکر میں اور عدنان صدیقی کراچی کے ایک ہوٹل میں رکے، ہم نے کورونا کے ٹیسٹ کروائے، میں ڈاکٹرز کو پریشان کرتا رہتا تھا کہ وہ مجھے ان ٹیسٹ کے نتائج کب بتائیں گے، مجھے ایسا بھی لگا کہ کہیں میرے ٹیسٹ کے غلط نتائج نہ آجائیں، میں اس وقت بےحد خوفزدہ تھا جب میرا کرونا کا ٹیسٹ ہوا‘۔ ہمایوں کے مطابق ’قرنطینہ کے دوران جب میں کھانستا یا مجھے چھینک آتی تو میں نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ میں اتنا خوفزدہ ہوجاؤں گا، اس وقت مجھے لگا کہ میں واقعی کرونا کا شکار ہوگیا ہوں، جب میں نے عدنان کو یہ بات بتائیں تو اس نے کہا مجھ سے دور رہو، شکر ہے مجھے کچھ ہوا نہیں‘۔
ہمایوں نے یہ بھی بتایا کہ امریکا سے واپس آکر عدنان صدیقی کے ساتھ ان کا بہت زیادہ وقت گزارا اور ان کی دوستی اور بھی زیادہ گہری ہوگئی۔ ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ ’ہم ایک دوسرے سے بالکل بھی بیزار نہیں ہوئے، ہم مزید بھی اس ہوٹل میں ایک ساتھ رہ سکتے تھے، عدنان مجھے اپنے والد کے بارے میں باتیں بتاتا رہتا تھا اور میں اپنے بچپن کی کہانیاں سناتا رہتا تھا‘۔
یاد رہے کہ ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی نے ’میرے پاس تم ہو‘ ڈرامے میں اکٹھے کام کیا اور ڈرامے کے کرداروں کا تقاضا یہ تھا کہ دونوں ایک دوسرے سے شدید نفرت کریں۔ یہ ڈراما پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری کا کامیاب ڈراما ثابت ہوا۔ اس ڈرامے کی کامیابی کے بعد ہمایوں سعید، حرا مانی اور عدنان صدیقی اس حوالے سے رکھے گے شوز کا حصہ بننے امریکا گئے تھے۔ تاہم امریکہ میں قیام کے دوران اور پھر کراچی میں ایک ہوٹل میں اکٹھے چند ہفتے گزارنے کے بعد اب عدنان اور ہمایوں بہترین دوست بن چکے ہیں۔
