گردن پر پاؤں رکھ کر معاہدہ نہیں کیا تھا، اب وعدوں پر عمل کیا جائے

مسلم لیگ ق ایک بار پھرحکومت سے معاہدے اور وعدوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کر دیا۔ ق لیگ کے مرکزی رہنما مونس الہی کا کہنا ہے کہ حکومت کی گردن پر پاوں رکھ کر معاہد ہ نہیں کیا تھا۔۔ ہم زیادہ کچھ نہیں کہہ رہے جوطے کیا گیا تھا اُس پر عمل کیا جائے۔ وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ حکومت اور اتحادی ایک کشتی کے سوار ہیں، حکومت ہماری وجہ سے نہیں اپنے غلط فیصلوں کی وجہ سے ڈوبے گی۔ کامل علی آغا نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے ساتھ رابطے ہیں، چند دن تک حکومت نہ مانی تو پارٹی اپنا آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔
مسلم لیگ کے مرکزی رہنما مونس الٰہی نے سیالکوٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کچھ زیادہ نہیں کہتے صرف یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ جو معاہدہ کیا گیا حکومت اسے پورا کرے۔ ہم نے حکومت کی گردن پر بندوق رکھ کر معاہدہ نہیں کیا تھا، اسے سوچنا چاہئے کہ جو طے کیا ہے اس پر عمل کرے۔ انھوں نے مزید کہا کہ حکومت کے ساتھ ہمارا بنیادی معاہدہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے، مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے۔ حکومت کو مشورہ ہے کہ اپنے معاملات درست کرے، ہماری پوزیشن واضح ہے دوسرے اتحادی بھی اپنی پوزیشن واضح کریں۔ طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ جو وعدے اور معاہدے کیے گئے، ان کو پورا کیا جائے حکومت کے اتحادی اور ایک کشتی کے سوار ہیں اگر حکومت ڈوبتی ہے تو اپنے غلط فیصلوں کی وجہ سے ڈوبے گی۔کشتی حکومت کی غلطی سے ڈوبی تو سب ڈوبیں گے ۔
دوسری طرف مسلم لیگ ق پنجاب کے جنرل سیکرٹری کامل علی آغا کا کہنا ہے کہ ابھی تک حکومت کے ساتھ ڈیڈ لاک برقرار ہے، جہانگیر ترین کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد کے بغیر ہم ایک قدم آگے نہیں چلیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بچپن میں کمیٹی کمیٹی کھیلتے تھے جو کسی کی نہیں نکلتی تھی۔ ہمارے ساتھ بھی کمیٹی کا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین کے مطابق وزیر اعظم کے قریبی رفقا ذاتی مفاد کے لیے ہمارے خلاف ایسا کر رہے ہیں، حکومت میں مینو فیکچرنگ فالٹ ہے معاملات مکمل ہوتے ہوتے رک جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری چیخیں اس لیے نکل رہی ہیں کہ عوام مہنگائی کی وجہ سے ہمارے گریبان پکڑ رہی ہے۔ یہ روش رہی اور عمران خان نے وعدے پورے نہ کیے تو انجام اچھا نہیں ہوگا۔ انھوں نے واضح کیا کہ عمران خان نے عوام سے وعدے پورے نہ کئے تو جمہوریت کو بھی نقصان ہو گا۔ آخری حد تک کوشش ہو گی کہ اتحاد کو نبھائیں لیکن حکومت غیر سنجیدگی کا اظہار کر رہی ہے
کامل علی آغا نے کہا کہ نواز شریف ، شہباز شریف اور دیگر کئی ن لیگی اراکین کے ساتھ رابطے میں ہیں، رابطے سازش کے لیے نہیں مگر دروازے کھڑکیاں کھلی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب میں ہمارے خلاف کوئی کرپشن نہیں کسی کو کوئی شوق ہے تو وہ پورا کر کے دیکھ لے، نیب نے 5 مرتبہ چودھریوں کے غسل خانوں کے نلکے بھی دیکھ لیے لیکن کچھ نہیں نکلا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button