گلوکارہ شبنم مجید نے خلع کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا

نامور گلوکارہ صنم ماروی کے بعد اب ایک اور گلوکارہ کی ازدواجی زندگی کا اختتام ہونے کو ہے۔ گلوکارہ شبنم مجید کے اپنے شوہر واجد علی سے اختلافات شدت اختیار کر گئے جسکے بعد شبنم مجید نے شوہر کو ہرجائی قرار دے کر خلع کا دعویٰ دائر کردیا ہے۔ شبنم کا موقف ہے کہ اس کا خاوند اپنی پہلی بیوی کے پاس جانا شروع ہوگیا ہے اس لیے اب دونوں کا گزارا ممکن نہیں ہے۔
خاوند کی جانب سے منانے کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے شبنم مجید نے لاہور کی فیملی کورٹ میں اپنے شوہر سے خلع لینے کے لیے درخواست دائر کر دی ہے۔ شبنم مجید نے مؤقف اختیار کیا کہ واجد علی سے ان کے چار بچے ہیں لیکن اس نے غیر شرعی اور غیر اخلاقی طرزِ عمل اپناتے ہوئے اپنی سابق بیوی سے رجوع کرلیا ہے
جو اس کے لئے بالکل بھی قابل برداشت نہیں ہیں۔ شبنم مجید کے بقول واجد علی کی اپنی سابق بیوی کے ساتھ حال ہی میں تصویریں بھی وائرل ہوچکی ہیں۔ شبنم کا کہنا ہے کہ اس صورتحال میں وہ سخت پریشان ہیں۔ واجد اور سابق اہلیہ کے میل ملاپ سے وہ ذہنی کرب میں مبتلا ہیں اور اب ان کا اپنے بیوفا شوہر کےساتھ رہنا مشکل ہوگیا ہے لہٰذا عدالت خلع کی ڈگری جاری کرے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز معروف گلوکارہ صنم ماروی نے بھی اپنے شوہر حامد علی پر ایک سابق ماڈل نائرہ سے ناجائز تعلقات استوار کرنے اور صنم کو بچوں کے سامنے گالم گلوچ اور مارپیٹ کرنے کے الزامات لگاتے ہوئے اس کے خلاف خلع کا دعویٰ دائر کیا ہے۔ درخواست میں صنم ماروی نے مؤقف اختیار کیا کہ شوہر حامد علی سے 2009 میں شادی ہوئی مگر شادی کے کچھ عرصے بعد شوہر کا رویہ بدل گیا تھا، شوہر بچوں کے سامنے گالیاں دیتا اور مارتا پیٹتا ہے، میں صرف اپنے بچوں کی خاطر شوہر کا ظلم برداشت کرتی رہی لیکن اب ہمت جواب دے گئی لہذا خلع کی ڈگری جاری کی جائے۔ یاد رہے کہ چند سال قبل معروف گلوکارہ حمیرا ارشد نے بھی کسی قسم کے الزامات عائد کرکے اپنے شوہر احمد بٹ سے خلع لے لی تھی۔ ایک اور گلوکارہ فریحہ پرویز نے بھی اپنے گلوکار شوہر نعمان جاوید سے کچھ ہی سال پہلے علیحدگی اختیار کی ہے۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق شبنم مجید نے کہاہے کہ خلع سے پہلے میں اپنے شوہر پر کیس کروں گی کہ وہ طلاق شدہ عورت کے ساتھ کیسے رہ رہا ہے۔ گلوکارہ نے کہا کہ اس کا شوہر واجد اپنی پہلی بیوی کو 13 سال پہلے طلاق دینے کے باوجود اس کے ساتھ غیر شرعی طور پر رہ رہاہے۔ شبنم نے الزام لگایا کہ تیرہ سال قبل پہلی بیوی کو طلاق دینے کے باوجود اس کا ہرجائی شوہر واجد اپنی سابق بیوی سے ملتا رہا اور اس حوالے سے میرے ساتھ غلط بیانی کرتا رہا۔ شبنم مجید نےکہا واجد اور اسکی سابقہ بیوی کی وجہ سے اکثر میرے گھر میں لڑائی جھگڑا رہتا ہے، کچھ عرصہ قبل واجد نے قرآن پاک اٹھا کر کہا تھس کہ سابق بیوی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ جب مجھے شک ہوا اور میں نے اپنے شوہر سے پوچھا تو اس نے قرآن اٹھا کر اپنی سچائی بیان کرنے کی کوشش کی مگر اب ایک نئی تصویر دیکھ کر میں حیرت زدہ رہ گئی ہوں۔ میرے شوہر واجد نے جو لباس پہنا ہوا تھا وہ اسے میں نے ایک ہفتہ قبل تحفے میں دیا تھا ۔ میں ایسے بد دیانت شخص کے ساتھ رہنا پسند نہیں کرتی جو منافقت سے کہیں آگے بڑھ کر کام لیتا ہو۔
یاد رہے کہ واجد علی پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور موسیقار طافو کے صاحبزادے اور خود بھی گلوکار ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ شبنم مجید سے لڑائی جھگڑا کرنے کے بعد واجد علی اپنی سابق اہلیہ کے ساتھ رہ رہے ہیں۔
