گلوکار بلال سعید ، اداکارہ صبا قمر پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر

لاہور کی مقامی عدالت نے مسجد وزیر خان میں رقص کر کے مسجد کا تقدس پامال کرنے کے کیس میں گلوکار بلال سعید اور اداکارہ صبا قمر پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کر دی۔
کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ جویریہ منیر بھٹی کی عدالت میں ہوئی جس کے دوران صبا قمر اپنے وکیل بیرسٹر حامد لغاری کے ساتھ برقع پہنے عدالت میں پہنچیں۔
عدالت کی جانب سے اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کو فرد جرم کے لیے 14 اکتوبر کو طلب کر لیا گیا ہے ، عدالت کی جانب سے دونوں ملزموں کو دستاویزات کی نقول فراہم کر دی گئی ہیں ، گزشتہ سماعت پر عدالت کی جانب سے دونوں ملزموں کے وارنٹ جاری کیے گئے تھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 8 ستمبر کو عدالت نے اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے پیش نہ ہونے پر قابل ضمانت ورانٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔خیال رہے کہ مسجد وزیر خان میں گانے کی عکسبندی کے بعد گلوکار بلال سعید اور اداکارہ صبا قمر کے خلاف ابتدائی طور پر دفعہ 295 پ کے تحت لاہور کے اکبری گیٹ تھانے میں عدالتی حکم کے بعد مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔
