ٹرمپ کا بڑا فیصلہ:آبنائے ہرمز کھولنے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔صدرٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا پیر سے آبنائے ہرمز میں پھنسے تجارتی جہازوں کو نکالنے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کرے گا۔ اس مقصد کے حصول کیلئے انہوں نے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے اس آپریشن کو “پروجیکٹ فریڈم” کا نام دیتے ہوئے کہا کہ ناکہ بندی کا خاتمہ دراصل ایک انسانی ہمدردی پر مبنی اقدام ہے۔ اپنے سوشل میڈیا پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ آبنائے ہرمزمیں موجود متعدد جہازوں پر خوراک اور دیگر ضروری اشیاء کی شدید کمی ہو چکی ہے، جس سے عملے کی صحت اور سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس مشن میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ ڈالی گئی تو امریکا سخت ردعمل دے گا۔

خیال رہے کہ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب آبنائے ہرمز میں ایران کی غیر اعلانیہ پابندی اور امریکی بحری ناکہ بندی کے باعث عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق انہوں نے اپنے نمائندوں کو ہدایت کی ہے کہ ایرانی حکام کو واضح پیغام دیا جائے کہ امریکا اپنے جہازوں اور عملے کو محفوظ نکالنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔

واضح رہے کہ تین ہفتوں سے جاری نازک جنگ بندی کے باوجود خطے میں کشیدگی برقرار ہے جبکہ تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ امریکا میں پیٹرول کی قیمت 4.44 ڈالر فی گیلن تک پہنچ گئی ہے، جو جنگ سے قبل 3 ڈالر سے بھی کم تھی، جس کے باعث مہنگائی اور عوامی بے چینی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

Back to top button