گلگت بلتستان میں حکومت سازی: پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان اہم مشاورتی ملاقات

گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے سلسلے میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے وفود کے درمیان گلگت میں اہم مشاورتی ملاقات ہوئی، جس کے بعد بریک تھرو کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں حکومت سازی کے مختلف ممکنہ فارمولوں، سیاسی تعاون اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پیپلز پارٹی کے وفد میں قمر زمان کائرہ، نیئر حسین بخاری، شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ اور صدر پیپلز پارٹی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ شامل تھے۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران امیر مقام اور صدر (ن) لیگ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن شریک ہوئے جب کہ ملاقات میں حکومت سازی پر تجاویز سمیت مختلف ملکی و قومی امور پر بھی گفتگو کی گئی۔فریقین کی جانب سے حکومت سازی سے متعلق تجاویز مرکزی قیادت کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پی ٹی آئی نے گلگت الیکشن میں پیپلزپارٹی کو فتح کیسے دلائی؟
پیپلز پارٹی کے وفد کا کہنا تھا کہ عوام نے پیپلز پارٹی کو سب سے بڑی جماعت بناکر گلگت بلتستان کی قیادت کا مینڈیٹ دیا ہے،حکومت سازی کے تمام فیصلے جمہوری اصولوں،سیاسی مشاورت اور عوامی مفادات کو مدنظر رکھتےہوئے کیے جائیں گے۔
