بجٹ قانون کیسے بنتا ہے؟ بجٹ کی منظوری کا مکمل طریقہ کار کیا ہے؟
وفاقی بجٹ کسی بھی حکومت کی معاشی ترجیحات، ترقیاتی منصوبوں اور مالیاتی حکمتِ عملی کا آئینہ دار ہوتا ہے۔ تاہم بجٹ پیش کر دینا ہی کافی نہیں ہوتا، بلکہ اسے ایک تفصیلی اور آئینی پارلیمانی عمل سے گزرنا پڑتا ہے۔ قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے والے بجٹ پر بحث، قائمہ کمیٹیوں کی سفارشات، فنانس بل کی شق وار منظوری اور بالآخر قانون سازی کے مراحل اس عمل کا حصہ ہوتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ پاکستان میں وفاقی بجٹ آخر کس طرح منظور ہوتا ہے اور اس میں کن اداروں کا کیا کردار ہوتا ہے؟
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان میں وفاقی بجٹ کی منظوری ایک باقاعدہ آئینی اور پارلیمانی طریقہ کار کے تحت عمل میں آتی ہے۔ ہر سال وزارتِ خزانہ نئے مالی سال کے لیے آمدن اور اخراجات کا تخمینہ تیار کرتی ہے، جسے کابینہ کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی میں پیش کیا جاتا ہے۔بجٹ پیش کرنے کی ذمہ داری وفاقی وزیر خزانہ کی ہوتی ہے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر خزانہ بجٹ تقریر کرتے ہوئے حکومتی مالیاتی پالیسی، ٹیکس تجاویز، ترقیاتی منصوبوں اور محصولات کے اہداف سے متعلق تفصیلات ایوان کے سامنے رکھتے ہیں۔ اسی موقع پر فنانس بل بھی پیش کیا جاتا ہے، جس میں نئے ٹیکس اقدامات اور مالیاتی قوانین میں مجوزہ ترامیم شامل ہوتی ہیں۔
بجٹ پیش ہونے کے بعد اس کی تفصیلات مزید غور و خوض کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ کی متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو بھجوا دی جاتی ہیں۔ ان کمیٹیوں کے اجلاسوں میں ارکانِ پارلیمنٹ کے علاوہ وزیر خزانہ، سیکریٹری خزانہ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے حکام اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے شریک ہوتے ہیں۔ان اجلاسوں کے دوران بجٹ میں شامل مختلف تجاویز، ٹیکس پالیسی، ترقیاتی منصوبوں، حکومتی اخراجات اور محصولات کے اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا جاتا ہے۔ کاروباری تنظیموں، ماہرینِ معیشت، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور عوامی نمائندوں کی آرا کو بھی زیرِ غور لایا جاتا ہے۔پارلیمانی قواعد کے مطابق قائمہ کمیٹیاں بجٹ پیش ہونے کے بعد دس روز کے اندر اپنی سفارشات مرتب کرکے متعلقہ ایوانوں کو ارسال کرنے کی پابند ہوتی ہیں۔ ان سفارشات میں بجٹ تجاویز میں ممکنہ تبدیلیوں، ٹیکسوں میں ردوبدل اور ترقیاتی ترجیحات کے حوالے سے آرا شامل ہوتی ہیں۔
دوسری جانب قومی اسمبلی میں بجٹ پر عمومی بحث کا آغاز ہو جاتا ہے۔ یہ بحث عموماً چودہ روز تک جاری رہتی ہے، جس کے دوران حکومت اور اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے ارکان بجٹ کے مختلف پہلوؤں پر اظہارِ خیال کرتے ہیں۔ اس بحث میں عوامی مسائل، ٹیکس پالیسیوں کے اثرات، مہنگائی، روزگار، ترقیاتی منصوبوں اور حکومتی معاشی سمت پر تفصیلی گفتگو کی جاتی ہے۔بعد ازاں قائمہ کمیٹیوں کی سفارشات سینیٹ اور قومی اسمبلی کے سامنے پیش کی جاتی ہیں۔ سینیٹ بجٹ کے حوالے سے اپنی تجاویز مرتب کرتی ہے، تاہم آئین کے تحت اس کی حیثیت مشاورتی ہوتی ہے اور بجٹ کی حتمی منظوری کے لیے اس کی رضا مندی لازمی نہیں ہوتی۔
بجٹ منظوری کے آخری مرحلے میں سپیکر قومی اسمبلی فنانس بل پر شق وار غور اور ووٹنگ کے لیے تاریخ مقرر کرتے ہیں۔ وزیر خزانہ فنانس بل کی مختلف شقیں ایوان میں پیش کرتے ہیں، جن پر ارکان ترامیم تجویز کر سکتے ہیں اور بحث بھی کی جاتی ہے۔قومی اسمبلی فنانس بل کی شق وار منظوری کے بعد اسے منظور کر لیتی ہے، جس کے نتیجے میں یہ قانون کی حیثیت اختیار کر لیتا ہے۔ چونکہ آئین کے مطابق مالی معاملات سے متعلق قانون سازی کا اختیار قومی اسمبلی کو حاصل ہے، اس لیے بجٹ کی حتمی منظوری بھی یہی ایوان دیتا ہے۔قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد فنانس بل نافذ العمل ہو جاتا ہے اور نئے مالی سال کے آغاز کے ساتھ ہی بجٹ میں شامل ٹیکس اقدامات، مالیاتی پالیسیوں اور حکومتی اخراجات سے متعلق فیصلوں پر عمل درآمد شروع ہو جاتا ہے۔
ماہرین کے بقول وفاقی بجٹ کی منظوری محض ایک رسمی کارروائی نہیں بلکہ ایک ایسا پارلیمانی عمل ہے جس کے ذریعے عوامی نمائندے حکومتی مالیاتی پالیسیوں کا جائزہ لیتے ہیں۔ یہ عمل نہ صرف شفافیت اور احتساب کو فروغ دیتا ہے بلکہ اس بات کو بھی یقینی بناتا ہے کہ قومی وسائل کے استعمال سے متعلق فیصلے منتخب ایوان کی نگرانی میں کیے جائیں۔

