ہانیہ عامر کا عاصم اظہر سے رنجشیں بھلانے کا فیصلہ

اپنے سابقہ دوست اور معروف گلوکار عاصم اظہر سے پرانی رنجشیں بھلا کر انکے کنسرٹ میں شرکت کرنے پر ہونے والی چہ میگوئیوں بارے تبصرہ کرتے ہوئے اداکارہ ہانیہ عامر نے کہا ہے کہ انسان کو نفرت بھلانی اور محبتیں بڑھانی چاہیئں ورنہ زندگی بہت تلخ ہو جاتی ہے۔
یاد رہے کہ ماضی میں ہانیہ عامر اور عاصم اظہر بہترین دوست تھے اور ایک وقت ایسا بھی تھا جب ان دونوں کی شادی کی افواہیں پھیلنا شروع ہو گئی تھیں۔ پھر اس جوڑے کو نظر لگ گئی اور غلط فہمیاں پیدا ہونے کے بعد دونوں ایک دوسرے سے دور ہو گئے لیکن اب ہانیہ نے بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے اور پرانی رنجشیں بھلا کر عاصم اظہر کے کنسرٹ میں شرکت کی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں 28 اور 29 نومبر کی شب معین خان کرکٹ اکیڈمی میں ہونے والے میوزک فیسٹیول میں شرکت اور وہاں پر گلوکار عاصم اظہر اور عاشر وجاہت کے گانوں پر رقص کرنے کی تصاویر و ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ہانیہ عامر ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ پر آ گئی تھیں۔
ماضی میں بھی ہانیہ عامر دونوں گلوکاروں کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے خبروں یا پھر ان کے ساتھ ویڈیوز و تصاویر وائرل ہونے کے بعد ٹاپ ٹرینڈ بنتی رہی ہیں۔
عاصم اظہر کے کنسرٹ میں شرکت کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے ہانیہ عامر پر سوالات کی بوچھاڑ کردی اور یہ پوچھنا شروع کردیا کہ کیا وہ دوبارہ عاصم سے دوستی کر چکی ہیں۔ ان سوالات پر خاموشی توڑتے ہوئے ہانیہ نے سوشل میڈیا پر کہا ہے کہ میں آگے بڑھنے اور دوسروں کو بھی آگے بڑھانے پر یقین رکھتی ہوں، انہوں نے کہا کہ اگر آپ زندگی میں ذہنی طور پر پرسکون رہنا چاہتے ہیں تو ان چیزوں کو ترجیح دیں جو آپ کو خوش رکھیں۔ سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں اداکارہ نے مزید کہا کہ نفرت کو دل میں رکھنے اور اسے پالنے سے آپ اپنا ہی نقصان کرتے ہیں۔ زندگی میں بار بار پیچھے مڑ کر دیکھنے کی بجائے آگے دیکھنا چاہئے۔ انکا کہنا تھا کہ زندگی ماضی کے مایوس کن لمحات کو یاد کرنے کے لیے بہت چھوٹی ہے۔ تلخ لمحات کو ذہن میں رکھنا اور ہر وقت یہ سوچتے رہنا کہ دنیا کیا کہے گی، آپ کی زندگی کو اجیرن بنا دیتا ہے۔ دنیا والوں کے ہر سوال کا جواب دینا اور وضاحتیں پیش کرنا آپ پر واجب نہیں ہے۔ اگر دنیا والے اپنے اعمال کے لیے آپ کو جواب دہ نہیں تو آپ ان کو جواب دہ کیسے ہو سکتے ہیں۔ لہذا آپ اپنی زندگی اپنی مرضی کے مطابق گزاریں اور خود کو سنبھال کر آگے بڑھتے رہیں۔
ہانیہ عامر نے مزید کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ لوگ انہیں ایک ایسی لڑکی کے طور پر یاد رکھیں جو کہ مسکراہٹیں بکھیرنے پر یقین رکھتی تھی۔
اداکارہ نے واضح کیا کہ وہ سوشل میڈیا پر اپنی ذاتی زندگی کی کچھ چیزیں اس لیے شیئر کرتی ہیں تاکہ جو لوگ انہیں فالو اور پسند کرتے ہیں وہ ان سے متعلق جان سکیں اور ان کا فالوورز سے رابطہ رہے۔