ہرجانہ کیس میں عمران خان کو5 ہزار روپے جرمانہ

مسلم لیگ ن کے رہنما و وزیردفاع خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب روپے کے ہرجانے کے کیس میں التوا مانگنے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پرجرمانہ عائد کردیا گیا۔

وفاقی دارالحکومت کی ایڈیشنل سیشن عدالت میں عمران خان کی جانب سے خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔

خواجہ آصف کے وکیل علی شاہ گیلانی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ عمران خان کے وکلا کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا کہ جلسوں میں مصروفیات کے باعث عمران خان پیش نہیں ہو سکتے۔

اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج عدنان خان نے عمران خان کے وکلا کی جانب سے التوا مانگنے پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔

اس کے بعد عدالت نے خواجہ آصف کے وکیل علی شاہ گیلانی ایڈووکیٹ کی عمران خان کے بیان پر جرح مؤخر کرتے ہوئے کیس کی سماعت 24 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

Back to top button