ہم میں مشکل سے نکلنے کی صلاحیت ہے

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) رمیز راجا نے کہا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ پھر دباؤ میں آ گئی ہے اور اگر ہم اس صورتحال سے باہر نہیں نکل پاتے تو ڈومیسٹک سطح تک محدود رہتے ہوئے عالمی سطح کی ٹیم تیار کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے گزشتہ روز ون ڈے سیریز کے آغاز سے چند گھنٹے قبل دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا اعلان کردیا تھا اور آج ان کی ٹیم خصوصی طیارے سے وطن واپس لوٹ گئی ہے۔کیویز کے انکار کے ایک دن بعد پی سی بی کی جانب سے جاری خصوصی ویڈیو پیغام میں رمیز راجا نے کہا کہ آپ کا ار میرا درد ایک جیسا اور مشترک ہے، جو کچھ ہوا وہ پاکستان کرکٹ کے لیے ٹھیک نہیں تھا، آپ کا اندازہ ہے کہ ہم کیا توقع کررہے تھے اور جو ہوا وہ بدقسمتی صورتحال ہے۔
PCB Chairman Ramiz Raja has a message for Pakistan cricket fans pic.twitter.com/cwEfcQXxus
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) September 18, 2021
ان کا کہنا تھا کہ ہم پہلے بھی ایسی ہی صورتحال کا سامنا کر چکے ہیں لیکن ہم آگے بڑھے ہیں، ہم میں مشکل سے نکلنے کی صلاحیت ہے جو شائقین کرکٹ اور قومی ٹیم کی وجہ سے ہے اور ہم اپنی با کے لیے لڑنے کے جذبے کے تحت دنیا کو چیلنج کرتے ہیں۔رمیز راجا نے کہا کہ اگر ایسی صورتحال پیدا ہوتی ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ پھر دباؤ میں آ گئی ہے تو ہم دوبارہ چیلنج کریں گے، اگر بالفرض باہر نہیں نکلتے ہیں تو ہم میں اتنا دم، اعتماد اور طاقت ہے کہ ہم ڈومیسٹک سطح تک محدود رہتے ہوئے عالمی سطح کی ٹیم تیار کر سکتے ہیں اور کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔
انہوں نے شائقین کرکٹ سے پاکستان کرکٹ کو سپورٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپ ورلڈ کپ میں ان کے بازو بن جائیں اور کرکٹ ٹیم کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اپنا غصہ پرفارمنس پر نکالیں کیونکہ دنیا کو اپنا کھیل دکھانے کا یہی طریقہ ہے۔
نومنتخب چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ جب آپ دنیا کی سب سے بہترین ٹیم بن جاتے ہیں تو پھر پاکستان میں ٹیموں کی قطاریں لگ سکتی ہیں، تو میں چاہوں گا کہ ہم اس سے سبق سیکھیں اور ہمت رکھتے ہوئے آگے بڑھیں۔
انہوں نے کہا کہ مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کرکٹ پر بہت زیادہ دباؤ بڑھا ہے لیکن ہمارے بس میں جو بھی ہو گا وہ کریں گے، آپ کو آگے چل کر اچھی خبریں اور نتائج بھی ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی پوری طاقت لگا رہے ہیں لیکن ہمیں شائقین کی سپورٹ کی ضرورت ہے، پاکستان کرکٹ کو دنیا کی بہترین ٹیم بن کر سامنے آنا ہے تاکہ وہ ایسے چیلنجز سے باآسانی نجات حاصل کر سکیں۔
