ہیما مالنی 75 برس کی عمر میں بھی ڈریم گرل کیوں لگتی ہیں؟

بھارتی اداکارہ ہیما مالنی 75 برس کی عمر میں بھی ’’ڈریم گرل‘‘ کے طور پر پہچان رکھتی ہیں، اداکارہ آج بھی پرکشش ہونے کے ساتھ جاذب نظر بھی ہیں، ہیما مالنی نے فلم انڈسٹری پر 50 سال سے زیادہ عرصے تک راج کیا اور وہ حسن و خوبصورت کا مترادف کہلائیں۔ہیما مالنی کا حسن ایک طرف اور ان کی بھرت ناٹیم کلاسیکی رقص کی خصوصیات دوسری طرف لیکن ان کے چاہنے والوں کی ایک طویل فہرست بھی بتائی جاتی ہے، گزشتہ دہائی کے آخری نصف میں آنے والی کتاب ’ہیما مالنی: بیانڈ دی ڈریم گرل‘ میں وہ بتاتی ہیں کہ کس طرح ان کی اور دھرمیندر کی پہلی ملاقات ہوئی تھی۔ وہ ایک ایوارڈ فنکشن میں تنہا پہنچی تھیں اور جب وہ سٹیج پر جا رہی تھیں تو دھرمیندر نے اپنے انداز میں اپنے ساتھی ششی کپور سے ہیما مالنی کے بارے میں کہا تھا ’’کُڑی بڑی سوہنی ہے‘‘ اور اس سے فلم انڈسٹری میں کسی کو انکار بھی نہیں۔ہیما مالنی کے چاہنے والوں کی ایک لمبی فہرست ہو سکتی ہے لیکن ان میں سنجیو کمار اور جیتندر کا نام سرفہرست ہے، انڈیا میں ایک زمانے تک گاسپ کی سطح پر ان کے چاہنے والوں میں فیروز خان کا نام بھی آتا رہا ہے، ہیما مالنی شروع میں اس کردار کے متعلق تذبذب کا شکار تھیں لیکن پھر فیروز خان نے اپنے انداز میں انھیں یہ کہتے ہوئے منا لیا کہ ’بے بی، میرا یقین کریں! آپ کو اس طرح کے انتہائی کلاسی انداز میں دوبارہ نہیں پیش کیا جائے گا۔‘ اور پھر ہیما مالنی اس فلم کے لیے تیار ہو گئیں۔اس فلم کا گیت ’کیا خوب لگتی ہو، بڑی سندر دکھتی ہو‘ ایک زمانے تک لوگوں کے ہونٹوں پر ہوا کرتا تھا، دھرماتما سے پہلے وہ فلم ’سیتا اور گیتا‘ سے ہی مشہور ہو چکی تھیں، یہ فلم دلیپ کمار کی رام اور شیام کی طرز پر تھی جس میں انھوں نے دوہرا کردار نبھایا تھا اور حقیقی زندگی میں اپنے دو چاہنے والوں دھرمیندر اور سنجیو کمار کے مدمقابل۔ اس فلم کے لیے انھیں بہترین اداکارہ کا فلم فيئر ایوارڈ ملا جو ان کا واحد فلم فیئر ایوارڈ رہا۔انڈیا کی معروف جوڑیوں میں ان کی دھرمیندر کے ساتھ جوڑی سب سے کامیاب مانی گئی اور 1969 میں آنے والی فلم تم حسین میں جوان سے لے کر شرافت، نیا زمانہ، راجہ رانی، پتھر اور پائل، دوست، شعلے، چرس، جگنو، آزاد اور دل لگی تک کل 28 فلموں میں کام کیا۔دلیپ کمار اور منوج کمار کے ساتھ ان کی فلم ’کرانتی‘ میں موجودگی انتہائی اہم رہی وہیں فلم باغبان میں انھوں نے امتیابھ کے ساتھ یادگار کردار ادا کیا ہے۔ فلم باغبان 2003 میں آئی جبکہ 2020 میں انھوں نے ’شملہ مرچ‘ نامی فلم میں رکمنی کا کردار ادا کیا ہے۔وہ ایک سیاست داں بھی رہی ہیں۔ اگرچہ پہلے انھیں راجیہ سبھا (انڈین پارلیمنٹ کے ایوان بالا) میں نامزد کیا گیا تھا لیکن پھر بعد میں وہ بی جے پی کے ٹکٹ پر دو بار رکن پارلیمان رہی ہیں، بہر حال 75 سال کی عمر میں بھی اگر ڈریم گرل کا تصور کسی کے ساتھ منسلک ہے تو وہ ہیما مالنی ہیں، کسی شاعر کی غزل، ڈریم گرل، کسی جھیل کا کنول ڈریم گرل۔

Back to top button