یاسر حسین مزید پانچ بچوں کے خواہشمند
معروف اداکار یاسر حسین نے اپنی شادی کی دوسری سالگرہ پر مزید 4 سے 5 بچوں کی خواہش کا اظہار کر دیا۔
اداکار نے انسٹا گرام پر اپنی شادی کی دوسری سالگرہ کے موقع پر مزاحیہ انداز میں اہلیہ کو مبارک باد پیش کی، اور کہا کہ انہیں دو سال گزرنے کا احساس ہی نہیں ہوا۔
اداکار یاسر حسین کا کہنا تھا کہ پچھلے دو سال کیسے گزرے صرف وہ ہی اس بات کو جانتے ہیں، انہیں سمجھ میں آ گیا کہ شادی کیا ہوتی ہے اور آزادی کیا چیز ہے، اداکار نے وضاحت کی کہ شادی کتنا خوبصورت رشتہ ہے انہیں معلوم ہوگیا۔
اداکار نے مزید لکھا کہ اقرا عزیز کے آنے سے ان کے گھر اور زندگی میں رونق سی آ گئی ہے، ہر وقت شور شرابا لگا رہتا ہے۔ اداکار کی جانب سے دعا کی گئی کہ ان کی باقی زندگی بھی یوں ہی شور شرابے اور پیار میں گزر جائے۔
یاسر حسین نے مزید کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے کبیر حسین خان جیسے مزید پانچ بچے ہوں، اداکار نے شادی کی سالگرہ کے موقع پر اہلیہ کے ہمراہ کھچوائی گئی تصویر بھی شیئر کی اور متعدد شخصیات اور مداحوں نے انہیں مبارک باد بھی پیش کی۔
اداکار یاسر حسین اور اداکارہ اقرا عزیز نے 28 دسمبر 2019 کو شادی کی تھی، رشتہ ازدواج میں بندھنے سے قبل دونوں نے رواں برس ہی منگنی کی تھی۔
شادی کی پہلی سالگرہ منانے کے بعد ان کے ہاں رواں برس جولائی میں پہلے بیٹے کبیر حسین کی پیدائش ہوئی تھی، حال ہی میں دونوں نے بیٹے کبیر حسین خان کے نام سے انسٹاگرام اکاؤنٹ بناتے ہوئے وہاں پر ان کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے کا سلسلہ بھی شروع کیا تھا۔
