یاسمین راشد کی بیٹی کا میڈیکل یونیورسٹی کے اعلیٰ عہدے پر تقرر، تنقید کی زد میں

کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی (کے ای ایم یو) میں مبینہ طور پر نئے تخلیق کردہ عہدے پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی بیٹی کے انتخاب پر مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید کی جارہی ہے جو اسے فیورٹ ازم قرار دے رہے ہیں۔
یہ معاملہ اس وقت منظر عام پر آیا جب کچھ ینگ ڈاکٹرز نے حکومت پنجاب کی جانب سے میو ہسپتال کو میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوشن ایکٹ کے تحت کرنے کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا اور مذکورہ تعیناتی کے تقریباً 40 روز بعد اس کا نوٹیفکیشن سوشل میڈیا پر اپلوڈ کیا۔ اس ایکٹ پر تنقید کرتے ہوئے مظاہرین نے دعویٰ کیا کہ صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد کی بیٹی ڈاکٹر عائشہ علی کو ادارے میں ایک نیا شعبہ بنا کر صرف وزیر صحت کو خوش کرنے کےلیے ‘ایڈجسٹ’ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عائشہ علی کو کانٹریکٹ کے بجائے مستقل ملازم کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔ جس پر سوشل میڈیا صارفین نے صحت اور دیگر حکام پر مذکورہ تعیناتی پر نظرِ ثانی کرنے کےلیے دباؤ ڈالا، 12 جنوری کو جاری ہونے والی نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر عائشہ علی کو کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے سلیکشن بورڈ نے گریڈ-19 کے ‘فیٹل میڈیسن’ اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر منتخب کیا تھا۔ میو اسپتال کے سربراہ اور ڈین آف سرجری اینڈ الائیڈ پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم خان نے فیورٹ ازم کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس عہدے پر تقرر کےلیے مکمل قانونی طریقہ کار پر عملدرآمد کیا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس عہدے کے اشتہار کے جواب میں جنہوں نے اپلائی کیا تھا ان سب میں ڈاکٹر عائشہ علی سب سے زیادہ قابل اور تجربہ کار فرد تھیں بلکہ کسی اور امیدوار کے پاس درکار قابلیت ہی نہیں تھی۔ ڈاکٹر اسلم خان نے مزید کہا کہ یہ امیدوار برطانیہ میں کام کرتے ہوئے بھاری معاوضہ حاصل کررہی ہیں، ان کے وطن واپس آنے کے فیصلے اور گائنی اینڈ آبسٹیٹرکس میں جدید سب اسپیشیلٹی قائم کرنے کے ارادے کو سراہا جانا چاہیے۔ ڈاکٹر عائشہ علی کے انتخاب میں میرٹ اور شفافیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے پروفیسر کا مزید کہنا تھا کہ انٹرویو کے وقت انہیں معلوم بھی نہیں تھا کہ وہ یاسمین راشد کی بیٹی ہیں، ہم ان کی قابلیت، تجربے، اعتماد اور ہر رکن کے سوالات کا جواب دینے کے طریقے سے متاثر ہوئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اس عہدے کے انٹریو اور انتخاب سے قبل اس کا اشتہار قومی اخبارات میں شائع کروایا گیا تھا جو کہ ضروری ہے، قانون کے مطابق سلیکشن پینل یہ دیکھے بغیر کہ امیدوار وزیر کی بیٹی ہے یا نہیں، تمام امیدواروں کی درخواست قبول کرنے کا پابند ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جس سپ اسپیشیلٹی پر ڈاکٹر عائشہ علی کو منتخب کیا گیا ہے وہ ان 4 ڈسِپلنز میں شامل ہے جنہیں اعلیٰ قابلیت اور تجربے والے ڈاکٹرز تعینات کرنے کےلیے قائم کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button