یوسف بیگ مرزا کی مبینہ بیوی عائشہ ثنا پر فراڈ کا کیس

https://youtu.be/_PQb2gzNwGk
ماضی میں پاکستان ٹیلی ویژن کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر یوسف بیگ مرزا پر اپنی بچے مصطفیٰ کا باپ ہونے کا الزام لگانے والی معروف پاکستانی اداکارہ اور ٹی وی میزبان عائشہ ثنا مشکل میں نظر آتی ہیں اور فراڈ کے ایک مقدمے میں مطلوب ہونے کے بعد مفرور ہوگئی ہیں۔
عائشہ ثنا یوں تو گزشتہ کچھ عرصے سے ٹی وی اسکرین سے غائب ہیں، تاہم اب ان کے حوالے سے یہ خبر سامنے آئی ہے کہ ان کے خلاف فراڈ کا مقدمہ دائر کرادیا گیا۔ عائشہ ثنا کے خلاف لاہور کے علاقے ڈیفنس کے پولیس اسٹیشن میں فرسٹ انویسٹی گیشن رپورٹ درج کروادی گئی جس میں صنعت کار محمد علی معین نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکارہ نے انہیں ادھار پر لیے گئے 20 لاکھ روپے کی رقم واپس نہیں کی اور اور ان کی جانب سے دیا گیا بیس لاکھ روپے کا چیک بھی باؤنس ہو چکا ہے۔
ایف آئی آر میں عائشہ ثنا کے خلاف درخواست گزار نے الزام عائد کیا کہ ادھار دیے گئے 20 لاکھ روپے واپس مانگنے پر اداکارہ فرار ہوگئیں اور انہیں پیسے بھی واپس نہیں کیے۔ معاملے کی تفتیش کرنے والے پولیس افسر نے بتایا کہ ایف آئی آر درج ہونے کے بعد اداکارہ لاپتہ ہیں اور وہ تاحال پولیس کے سامنے بھی پیش نہیں ہوئیں لہذا انہیں مفرور قرار دے دیا گیا ہے۔
دوسری جانب فراڈ کی خبریں سامنے آنے کے بعد عائشہ ثنا کا اب تک کوئی وضاحتی بیان بھی سامنے نہیں آیا۔ علاوہ ازیں ان کے فراڈ کے حوالے سے میڈیا میں چلنے والی خبروں میں یہ دعوے بھی کیے جا رہے ہیں کہ اداکارہ نے ایف آئی آر درج کروانے والے صنعت کار کے علاوہ دیگر افراد کے ساتھ بھی پیسوں کا فراڈ کیا ہے۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اداکارہ نے فراڈ کے ذریعے کم از کم 2 کروڑ روپے ہتھیا چکی ہے، تاہم ایسی رپورٹس میں کوئی مستند ثبوت فراہم نہیں کیا گیا اور نہ ہی اس حوالے سے اداکارہ یا پولیس کا مؤقف لیا گیا۔ اداکارہ کی جانب سے پیسوں کے فراڈ کی یہ خبر ایک ایسے وقت میں آئی ہے جب کہ انہیں گزشتہ کچھ عرصے سے ٹی وی اسکرین پر بھی نہیں دیکھا گیا۔ عائشہ ثنا نہ صرف ماڈلنگ و اداکاری کرتی دکھائی دیتی ہیں بلکہ وہ ٹی وی پروگرام سمیت دیگر تقریبات میں میزبانی کے فرائض بھی سر انجام دیتی نظر آتی ہیں۔ انہوں نے ایک درجن سے زائد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جب کہ وہ ٹی وی چینلز پر پروگرامات کی میزبانی بھی کرتی دکھائی دیں۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے 2015 میں عائشہ نے پی ٹی وی کے سابق ایم ڈی یوسف بیگ مرزا پر الزام لگایا تھا کہ وہ ان کے بیٹے مصطفی کے باپ ہیں اور اس کو ولدیت نہیں دے رہے۔
مارچ 2016 میں ایڈیشنل سیشن جج لاہور اعجاز بٹ نے عائشہ ثناءکی جانب سے دائر قذف کے مقدمے کی سماعت کے دوران مرزا یوسف بیگ کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب بھی کیا تھا۔ اداکارہ کی جانب سے ایڈووکیٹ یاسر مسعود نے پیش ہو کر موقف اختیار کیا تھا کہ عائشہ ثناءکی مرزا یوسف بیگ سے شادی کے بعد 19 نومبر 2011 ءکو بیٹا پیدا ہوا ۔ لیکن باہمی اختلافات کے باعث دونوں میاں بیوی میں طلاق ہو گئی لیکن بعد ازاں مرزا یوسف بیگ نے اپنے بیٹے محمد مصطفی کی ولدیت سے انکار کرتے ہوئے عائشہ ثنا پر بدچلنی کا الزام عائد کر دیا۔ ڈی این اے ٹیسٹ کے مطابق بھی مرزا یوسف بیگ بچے کے والد ثابت ہوئے ۔ لہٰذا عدالت مرزا یوسف بیگ کے خلاف بد چلنی کا جھوٹا الزام عائد کرنے پر قذف کی کارروائی عمل میں لائے۔ تاہم خیال کیا جاتا ہے کہ اس عدالتی کارروائی کے بعد یوسف بیگ مرزا نے عائشہ ثنا کے ساتھ پیسوں کے عوض معاملات طے کر لیے تھے۔
یاد ریے کہ کچھ برس پہلے سوشل میڈیا پر ایک ٹی وی پروگرام کی ریکارڈنگ کا کلپ لیک ہوا تھا جس میں عائشہ ثنا کو اپنی ٹیم کے ممبران کو دھمکیاں دیتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button