زمین سے 157میٹربلند رننگ ٹریک ،دیکھنے والے بھی حیران

زمین سے 157 میٹر بلند دنیا کا سب سے بڑا رننگ ٹریک آسمان کو چھونے والی عمارتوں کے ملک دبئی میں قائم کیا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق دبئی میں آسمان کو چھوتی رہائشی عمارت کی چھت پر رننگ ٹریک بنایا گیا ہے۔بتایا جارہا ہے کہ اس رہائشی عمارت میں 43 منزلیں ہیں اور یہ رننگ ٹریک زمین سے 157 میٹر بلند ہے اور 335 میٹر تک پھیلا ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ٹریک نے ایک عمارت پر دنیا کا سب سے بڑا رننگ ٹریک ہونے کا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے جسے جم خانے کا متبادل بھی قرار دیا جارہا ہے۔
اس حوالے سے دبئی میڈیا آفس کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر رننگ ٹریک کی ویڈیو بھی ڈالی گئی ہے جو ایک خوبصورت منظر پیش کررہی ہے۔
مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس پر تمام صارفین دلچسپ تبصرے بھی کررہے ہیں۔
