وفاقی کابینہ کا صدرعلوی کے کردار پر تشویش کا اظہار

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونیوالے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں صدر مملکت کے کردار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے آئین کے ماوراء قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا ہےکہ عارف علوی نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے معاملے پر آئین کا مذاق بنایا، ملک کو انتشار کی جانب دھکیلنے کیلئے آئینی عہدوں کا استعمال کیا گیا۔
وفاقی کابینہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدر نے گورنر پنجاب کے معاملے پر آئین کا مذاق بنایا، جبکہ کابینہ ارکان نے گورنر پنجاب عمر چیمہ کے اقدامات پر بھی حیرانگی کا اظہار کیا۔ کابینہ ارکان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملک کو انتشار کی جانب دھکیلنے کے لئے آئینی عہدوں کا استعمال کیا گیا، صدر اور گورنر پنجاب نے آئین ، قانون، پارلیمان، جمہوریت کی توہین کی، حکومت نے گورنر پنجاب کو ہٹانے کے لئے آئینی اختیار استعمال کیا۔کابینہ اراکین نے کہا کہ ملک سیاسی افراتفری کا متحمل نہیں ہو سکتا ، اداروں پر حملہ آور ہونے والوں کے خلاف قانون اپنا راستہ بنائے گا۔ وفاقی کابینہ نے گورنر پنجاب کے معاملے پر وزیراعظم کی ایڈوائس مسترد کرنے کے صدر کے فیصلے کو بھی مسترد کر دیا۔
وفاقی کابینہ نے ایک سے زائد غیر ملکی پاسپورٹس منسوخ کرنے کی منظوری دیدی، 1974ء کے پاسپورٹ ایکٹ کے تحت دی جس کی آخری تاریخ 31 دسمبر 2022 مقرر کی گئی ہے۔
کابینہ نے رمضان پیکیج کے تحت آٹے اور چینی کے نرخ برقرار رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت یوٹیلٹی اسٹورز پر 20 کلو آٹے کا تھیلا 950 روپے سے کم کر کے 800 روپے جبکہ چینی 85 روپے سے کم کرے 70 روپے کلو کی گئی ہے۔ کابینہ نے فواد اسد اللہ خان کو ڈی جی آئی بی تعینات کرنے کی بھی منظوری دی جبکہ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے ممبر فنانس واپڈا کوچیئرمین کا اضافی چارج دے دیا۔
اس کے علاوہ کابینہ نے محمد مسعود کو ممبر پاکستان آرڈیننس فیکٹری اور ایڈمرل (ر) سلمان الیاس کو شپ یارڈ انجینئرنگ ورکس کے ڈائریکٹر کے طور پر تعینات کرنے کی بھی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 9 مئی کے اجلاس کے فیصلوں کی بھی توثیق کی ہے۔
