سپیکر پنجاب اسمبلی نےگورنر کو ہٹانے کیلئے صدر کو خط لکھ دیا

پنجاب اسمبلی کے سپیکر سبطین خان نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی تبدیلی کیلئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو خط لکھ دیا۔

صوبائی وزیر راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 101 سب آرٹیکل 3 کے تحت صدرکو اختیارہے کہ وہ گورنرکو گھر بھیج دیں، گورنرکے مس کنڈکٹ کے خلاف اسپیکرپنجاب اسمبلی نے صدر مملکت کو خط لکھا جس میں گورنر پنجاب کو تبدیل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

راجہ بشارت کا کہنا تھاکہ اسپیکر نے خط میں گورنر پنجاب کے غیر آئینی اقدام کی نشاندہی کی اور درخواست کی کہ گورنر پنجاب کو آئین شکنی پر مبنی اقدامات سے روکا جائے۔

واضح  رہے کہ گزشتہ دنوں گورنر پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو آج 21 دسمبر کو اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا تھا تاہم اسپیکر پنجاب اسمبلی نے گورنر کی ہدایت کو غیر آئینی قرار دے دیا اور آج اجلاس بلانے سے انکار کیا۔

Back to top button