پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنیکی ایڈوائس پر دستخط کردیئے

تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے چوہدری پرویز الہٰی نے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس پر دستخط کردیے ہیں اور اگر گورنر آئین کے مطابق 48 گھنٹوں سے پہلے اسمبلی تحلیل نہیں کرتے تو اسمبلی خود بخود 48 گھنٹوں میں تحلیل ہوجائے گی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے نائب صدر فواد چوہدری نے کہا کہ کل پنجاب اسمبلی نے 186 ووٹوں کے ساتھ پرویز الہٰی پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا اور ثابت کردیا کہ سیاست میں اب بھی اصول مقدم ہیں، ہمارے اراکین صوبائی اور اسمبلی اور رہنماؤں نے دباؤ کا سامنا کیا اور یہ ووٹ دیا، عمران خان نے 26 نومبر کو اعلان کیا تھا کہ صوبائی اسمبلیاں تحلیل کردی جائیں گی، اعتماد کے ووٹ کے بعد ابھی تھوڑی دیر پہلے پرویز الہٰی تشریف لائے ہیں اور باقاعدہ ملاقات ختم ہوئی اور چوہدری پرویز الہٰی نے پنجاب اسمبلی اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس پر دستخط کردیا اور پنجاب اسمبلی کو تحلیل کردیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ایڈوائس گورنر کو بھیج دی گئی ہے اور اگر گورنر آئین کے مطابق 48 گھنٹوں سے پہلے اسمبلی تحلیل نہیں کرتے تو اسمبلی خود بخود 48 گھنٹوں میں تحلیل ہوجائے گی، پرسوں اسی طرز پر خیبرپختونخوا کی اسمبلی بھی تحلیل کردی جائے گی، ہم نے عوام میں جانے کا وعدہ پورا کیا ہے، ہم نے اپنی حکومتیں ختم کرکے اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ ہمیں عوام کے پاس جانے میں کوئی دقت نہیں ہے، ہم 48گھنٹوں میں حمزہ شہباز کو عبوری حکومت کے لیے خط لکھ رہے ہیں، آئین کے تقاضا ہے کہ اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کے ساتھ عبوری حکومت تشکیل دی جائے گی۔
انہوں نے کہا 90 دنوں کے اندر پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں، پاکستان کی تقریباً 60 فیصد نشستوں پر یہ انتخابات ہوں گے، ہم سمجھتے ہیں کہ وفاقی حکومت کو اپنی ضد سے باہر آنا چاہیے، پاکستان کے اندر الیکٹورل فریم ورک طے کریں اور پاکستان کو قومی انتخابات کی طرف بڑھنا چاہیے۔
اس سے قبل لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا تھاکہ اعتماد کا ووٹ لینے کے بعد پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے پر فیصلہ ہو چکا ہے، ہمارے لیے کوئی سرپرائز نہیں تھا کیونکہ ہمیں پتا تھا کہ ہمارے اراکین پورے ہیں، جو چنوں منوں آئے ہوئے تھے ان کو سرپرائز ملا ہے، اسمبلی تحلیل کرنے پر فیصلہ ہو چکا ہے، ہم تو چاہتے ہیں کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں آج ہی تحلیل ہو جائیں، یہ جوتے چھوڑ کر بھاگنا چاہ رہے ہیں، یہ عوام کے پاس جانے کے لیے تیار نہیں ہیں،ہم اس لیے ہر جگہ جیت رہے ہیں کہ عوام ہمارے ساتھ ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہم یہ لڑائی عوام کی حمایت سے لڑ رہے ہیں، ہم نے رانا ثنااللہ اور عطااللہ تارڑ کو سکون آور ادویات دے کر بھیجا ہے، ان دو چمچوں اور آصف زرداری کو نیند نہیں آ رہی، منحرف اراکین کے خلاف کارروائی کریں گے، لیکن اب اسمبلی تحلیل ہو جانی ہے اس کا فائدہ نہیں ہے، یہ بے شرم لوگ ہیں، ان کو عوام سے جوتے پڑیں گے، حساب برابر ہو جائے گا۔
