حوثیوں کے فوجی کیمپوں پر حملے میں 38 اہلکار ہلاک اور 50 زخمی

یمنی فوج نے تصدیق کی ہے کہ حوثی جنگجوؤں کے متعدد آرمی کیمپوں پر حملے میں کم از کم 38 اہلکار ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔

رائٹرز کے مطابق حوثیوں نے یہ حملے یمن کے علاقوں مأرب اور حضرموت کے صوبوں میں قائم فوجی اڈوں پر کیے گئے۔

یمنی حکام کا کہنا ہے کہ حوثیوں نے ایک ہی وقت میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا اور فورسز کو سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا جس کے باعث فوج کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔

زخمی ہونے والے درجنوں اہلکاروں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا جبکہ بعض زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یمنی حکام نے کہا کہ یہ حملے اپریل 2022 میں اقوام متحدہ کی ثالث سے ہونے والی جنگ بندی کے بعد سب سے بڑا عسکری تصادم ہیں۔

اگرچہ باضابطہ جنگ بندی کی مدت بعد میں ختم ہوگئی تھی تاہم دونوں فریقوں کے درمیان ایک غیر اعلانیہ جنگ بندی برقرار تھی جس کے باعث بڑے پیمانے کی لڑائی میں نمایاں کمی آگئی تھی۔

حالیہ حملوں نے اس غیر رسمی امن کو شدید دھچکا پہنچایا ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یمن دوبارہ وسیع پیمانے پر خانہ جنگی کی طرف جا سکتا ہے۔

دوسری جانب حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ یمنی فورسز پر حملے ‘سعودی فوجی نقل و حرکت’ کے جواب میں کیے گئے۔ ان حملوں میں 45 یمنی فوجی مارے گئے۔

Back to top button