راولپنڈی سے گلگت جانیوالی گاڑی کو حادثہ،8افراد جاں بحق

ضلع لوئر کوہستان میں راولپنڈی سے گلگت جانیوالی گاڑی کو حادثہ،3خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق حادثہ شاہراہ قراقرام پر کوہستان کے علاقے مٹہ بانڈہ میں پیش آیا جہاں راولپنڈی سے گلگت جانے والی ایک مسافر گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی، جاں بحق افراد کا تعلق راولپنڈی سے تھا۔ دلخراش واقعہ کوہستان کے علاقے مٹہ بانڈہ کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب گاڑی قراقرم ہائی وے پر تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جاگری۔ گاڑی میں موجود تمام افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
ریسکیو اہلکاروں نے مقامی رضاکاروں کے ساتھ مل کر مشکل اور پرخطر علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع کیں اور لاشوں کو کھائی سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں ضروری قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی بڑی تعداد میں مقامی افراد بھی موقع پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔