9 مئی توڑ پھوڑ کے مقدمہ میں پی ٹی آئی کے 8 روپوش رہنما اشتہاری قرار

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے 9 مئی کو کلمہ چوک پر کینٹینر جلانےکےمقدمہ میں پاکستان تحریک انصاف کے 8 روپوش رہنماؤں کواشتہاری قراردے دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج ارشد جاوید نے پی ٹی آئی رہنما میاں اسلم اقبال ،حماد اظہر، مراد سعید، زبیر خان نیازی، حامد رضا گیلانی، محمد جاوید، عبد الصمد اور واثق قیوم کو اشتہاری قراردیا۔

عدالت نےتھانہ نصیر آباد کے مقدمہ میں پولیس کی درخواست پر کارروائی کرتےہوئے پی ٹی آئی رہنماؤں کےدائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے۔

پولیس کےمطابق ملزمان گرفتاری کے ڈر سے روپوش ہوچکے ہیں، ان کےوارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوئے مگر گرفتار نہیں ہوسکے۔

عدالت نے ڈی چوک احتجاج سے گرفتار 32 ملزمان کو کیسز سے ڈسچارج کردیا

 

خیال رہےکہ 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں پاکستان تحریک انصاف چیئرمین عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کےدوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھاجب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نےلاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈ کوارٹر(جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کےبعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والےاداروں کے ساتھ لڑائی میں 1900 مشتعل مظاہرین کوگرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کےکارکنوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئےتھے۔

 

Back to top button