92فیصداسرائیلی شہریوں نےایران کوجنگ کا فاتح قرار دیدیا

اسرائیل میں حیران کن سروے کے نتائج سامنے آگئے۔92 فیصد شہریوں نے ایران کو جنگ کا فاتح قرار دے دیا۔

ایک نئے سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ اسرائیلی عوام کی بڑی اکثریت کا خیال ہے کہ مشرق وسطیٰ میں حالیہ جنگ اور اس کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے معاہدے سے ایران کو زیادہ فائدہ ہوا ہے، جبکہ اسرائیل کی طویل مدتی سلامتی کمزور ہوئی ہے۔

عبرانی یونیورسٹی آف یروشلم اور آگم انسٹیٹیوٹ کی جانب سے 17 سے 20 جون کے درمیان کیے گئے سروے میں 3,644 افراد نے حصہ لیا۔

سروے کے نتائج کے مطابق 92.1 فیصد اسرائیلی شہریوں کا ماننا ہے کہ ایران اس تنازع میں فاتح رہا یا اسے اسرائیل کے مقابلے میں زیادہ فوائد حاصل ہوئے۔ دوسری جانب 82.9 فیصد شرکاء نے کہا کہ جنگ اور بعد کے سفارتی معاہدے کے نتیجے میں اسرائیل کی طویل مدتی سیکیورٹی کمزور ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ رائے صرف اپوزیشن ووٹرز تک محدود نہیں بلکہ وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے حامی دائیں بازو کے ووٹرز میں بھی یہی سوچ پائی جاتی ہے۔ سروے میں شامل 93.1 فیصد دائیں بازو کے حامیوں نے بھی کہا کہ ایران اس تنازع میں زیادہ کامیاب رہا۔

امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے معاہدے کی مخالفت بھی اسرائیلی عوام میں نمایاں دیکھی گئی۔ سروے کے مطابق 63.2 فیصد افراد نے اس معاہدے کی مخالفت کی جبکہ صرف 12.1 فیصد نے اس کی حمایت کی۔

Back to top button