وزیردفاع کی ”ویگوڈالوں کےاستعمال پرتنقید،پابندی کی تجویز دیدی

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے پارلیمنٹ لاجز اور سڑکوں پر ویگو ڈالوں کے استعمال پر بھی تنقید کرتے ہوئے ان پر پابندی کی تجویز دی، جس پر ایوان میں قہقہے گونج اٹھے۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو ویگو ڈالے سے بچائیں، ویگو ڈالا ویسے بھی بے ہودگی ہے، ہمارے وزرا کو بتائیں شام کے بعد جھنڈا گاڑی پر نہیں ہونا چاہیے، جب وزیر گاڑی میں بیٹھا ہو تو جھنڈے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ کوئی ایسا طور طریقہ ہونا چاہیے کے پارلیمنٹ لاجز میں ویگو ڈالے نہ آئیں، جب ہم اقتدار میں ہوتے ہیں آگے پولیس ہوتی ہے اقتدار جاتا ہے پیچھے پولیس ہوتی ہے، ویگو ڈالوں پر پابندی لگائی جائے، ویگو ڈالوں پر سڑکوں پر بھی پابندی لگنی چاہیے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ لاجز میں اراکین پارلیمنٹ رہتے ہیں کس کو کیا خطرہ ہے، ویگو ڈالے میں جو بیٹھتا ہےاسے کچھ ہو جاتا ہے، پارلیمنٹ لاجز میں رہنے والے اراکین کو غیر ضروری سیکیورٹی پروٹوکول کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے۔
ایوان میں نظم و ضبط اور پارلیمانی روایات کا احترام یقینی بنایا جائے، گیلریوں اور لابیوں میں قواعد کی خلاف ورزی ناقابلِ قبول ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ارکان کو پارلیمانی آداب اور رولز اینڈ ریگولیشنز سے آگاہ کیا جائے، پارلیمنٹ ہاؤس کے وقار اور حرمت کو ہر صورت برقرار رکھا جائے، سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر مہمانوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ گیلریوں میں غیر ضروری گفتگو، اشاروں سے رابطے کی حوصلہ شکنی کی جائے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ایوان کا ماحول خراب کرنے والے رویوں کی حوصلہ شکنی ضروری ہے، سپیکر کے اختیارات اور فیصلوں کا احترام کیا جانا چاہیے، پارلیمانی نظم و ضبط کے لیے واضح ہدایات نمایاں طور پر آویزاں کی جائیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ تمام ارکان پارلیمانی روایات اور ضابطۂ اخلاق کی پابندی کریں۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں سیکیورٹی خدشات بڑھ رہے ہیں، غیر متعلقہ افراد آ کر ویڈیوز بناتے اور مختلف انداز میں تصاویر بنواتے ہیں، جبکہ لابیز کا تقدس بھی ایوان کی طرح برقرار رہنا چاہیے۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے اراکین کو ہدایت کی کہ وہ پاسز کے بغیر مہمان نہ لائیں اور اس حوالے سے کنڈکٹ آف بزنس کے قواعد بھی پڑھ کر سنائے۔
